نیب پراپرٹی مافیا کے ہاتھوں لوٹ مار کا شکار کراچی کے لاکھوں متاثرین کو بھی ان کا حق واپس دلوائیں،عبدالحاکم قائد

اتوار 11 فروری 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے چیئرمین نیب کو توجہ دلائی ہے کہ وہ پراپرٹی مافیا کے ہاتھوں لوٹ مار کا شکار کراچی کے لاکھوں متاثرین کو بھی ان کا حق واپس دلوائیں ۔ اور سندھ کی زمینوں کو اصل مالکان سے چھیننے والی مافیائوں کو لگام دیں ۔ رئیل اسٹیٹ ڈیلرز کے فراڈ نے لاکھوں شہریوں کو اپنی جمع پونچی سے محروم کرکے انہیںزندہ درگور کردیا ہے ۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بھی پراپرٹی مافیا سے مل چکی ہے اور سرکاری افسران کے ہاتھ غریب او مظلوم عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ وہ کراچی پریس کلب کے باہرپاسبان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔ مظاہرین نے بینر ز اٹھا رکھے تھے ۔ جن پر مطالبات درج تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ، رضوان الحق ،جاوید اقبال ،فضل ربی خان ،قاری عنایت اللہ ،محمد رضوان ،تحسین بلوچ ، سعید اللہ سعیدل ودیگر بھی موجود تھے ۔

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ چائنا کٹنگ کے ذریعے جو لوٹ مار کی گئی وہ تاریخ کا سیاہ باب ہے لیکن سرکاری محکموں اور پراپرٹی ڈیلرز مافیا کی ملی بھگت سے کراچی کے لاکھوں لوگ لٹ گئے ۔ زندہ درگور ہوگئے ،بھاری نقصان کے صدموں نے انہیںنفسیاتی مریض بنادیا ۔لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اسکیم 42کے متاثرین قبضہ حاصل کرنے ے محروم ہیں ۔ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور مزید ایسی ہی درجنوں اسکیموں کا بھی یہی حال ہے ۔

کچھ رئیل اسٹیٹ ٹائیکون نے ملیر ،ٹھٹھہ اور سجاول میں آبائی ملکیت زمینوں کے گائوں کے گائوں پر جبری قبضہ کرلئے ہیں ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سب سے ذیادہ بدعنوان محکمہ بن چکا ہے ۔ زمین کی منتقلی کے محکمے کے نیچے سے اوپر تک کے افسران روزانہ نوٹوں سے جیبیں بھرتے ہیں ۔ چیئرمین نیب (ر)جسٹس جاوید اقبال نے پنجاب میں ہائوسنگ اسکیموں میں فراڈ کے متاثرین کی داد رسی شروع کی وہ سندھ کے متاثرین کی بھی داد رسی کریں ۔#

متعلقہ عنوان :