وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کاضلع کوہاٹ کا دورہ،کوہاٹ ماڈل ٹائون جرمہ میں عوامی اجتماع سے خطاب

جرمہ، گنڈیالی ، بیزادی چکرکوٹ اور شاہ پورکے عوام کوزمین کے مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

اتوار 11 فروری 2018 20:50

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عام آدمی کی عزت کی بحالی اور اُس کے حقوق کے تحفظ کیلئے دیر پا اقدامات کئے ہیںجن کی بدولت ہم دوبارہ اقتدار میں آئینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع کوہاٹ کے ایک روزہ دورہ کے دوران یونین کونسل جرمہ میں عوامی اجتماع جبکہ شیخ الله داد زیارت کے علاقہ پستہ سنڈا میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، ایم این اے شہریار خان آفریدی ، سابق گورنرخیبرپختونخوا افتخار حسین شاہ ،ایم پی اے ضیاء الله بنگش، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما مولانا یوسف شاہ اور ڈسٹرکٹ ناظم نسیم آفریدی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جرمہ ، گنڈیالی، بیزادی ، چکر کوٹ اور شاہ پور کے عوام کوسیکشن فور ختم کرکے زمین کے مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کیااور عندیہ دیا کہ آئندہ ایک سال کے اندر تمام انتقالات مکمل کرلئے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویزخٹک نے کہاکہ بحیثیت قوم ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ منصفانہ اور شفاف نظام کے بغیر کوئی بھی قوم اپنے پائوں پر کھڑی نہیں ہو سکتی، موجودہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل اور اُن کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے، عوام کی خدمت اور اُن کے مسائل کا حل ہماری اولین ذمہ داری ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت ملک بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی پر کاربند ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں نظام کی تبدیلی کے منشور کے تحت نظر آنے والی جدوجہد کی ہے،ہماری جملہ اصلاحات اور تمام تر اقدامات کا مرکز و محور عام آدمی ہے جس کو ماضی میں صرف ووٹ لینے کی حد تک استعمال کیا گیا اور بعد میں نظر انداز کیا گیا ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے غریب کو مقابلے کی دوڑ میں شامل کرنے کیلئے ایک طرف سرکاری سکولوں کا معیار بلند کیا ، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے، صوبے میں شعبہ تعلیم کی ابتری کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہم نے 35 ارب روپے صرف پرائمری سکولوں کو ٹھیک کرنے کیلئے خرچ کئے ،28 ہزار سکولوں میں سے تقریباً20 ہزار سکولوں میں ناپید سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، سکولوں کی سولرائزیشن کی جارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ امیر اور غریب کا فرق صرف تعلیم کے ذریعے ہی ختم کیا جا سکتا ہے، صوبائی حکومت نے پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کرکے طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے حکومت کے اسلامی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے جہیز اور سود کے خلاف قانون سازی کی ،علماء کے مطالبے پر یکم محرم کی چھٹی منظورکی ، رشوت کے خاتمے کیلئے قابل عمل قوانین بنائے،سکولوں میں پرائمری کی سطح پر ناظرہ قرآن جبکہ چھٹی سے بارہوویں تک ترجمہ قرآن کو نصا ب کا حصہ بنایا،نصاب میں غلطیوں کو دور کیااور مزید اسلامی تعلیمات و اقدار کیلئے پرعزم ہیں، اس سلسلے میں علماء سے تجاویز طلب کی گئی ہیں،مساجد کی سولرائزیشن کی جارہی ہے ،تاریخ میں پہلی بار جامع مساجد کے آئمہ کو سرکاری طور پر اعزازیہ دینے جارہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے شعبہ پولیس میں اصلاحات کا بھی حوالہ دیا اور کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس ایک فورس بن چکی ہے،صوبائی حکومت ہر سطح پر عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دیوانی مقدمات کا فیصلہ ایک سال میں یقینی بنانے کیلئے 108 سال کے بعد سول پروسیجر ایکٹ کے رولز میں ترمیم کی گئی ہے،یہ ہمارے اختیار میں تھا ہم نے اپنا حق ادا کیا،فوجداری مقدمات کو آسان بنانے کا اختیار وفاق کے پاس ہے ۔

پرویز خٹک نے شعبہ صحت میں حکومتی اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ماضی کے تباہ حال ہسپتالوں کو ٹھیک کرنے کیلئے بھی اربوں روپے خرچ کئے گئے جب ہم حکومت میں آئے تو ہسپتالوں میں مشینری خراب پڑی تھی ،ڈاکٹرز موجود نہیں تھے ، آج صوبہ بھر میں ڈاکٹرز موجود ہیں،3 ارب روپے کی خطیر رقم سے مشینری کی ترسیل شروع ہے،ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور چار بڑی بیماریوں کا علاج فری کیا گیا ،نادار خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نہ صرف عوام کی تکالیف کا احساس رکھتی ہے بلکہ اُن کے ازالے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، قبل ازیں وزیراعلیٰ سوات دھماکے کے شہید کیپٹن جازب کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیلئے شہید کے گھر کوہاٹ ٹائون شپ گئے۔وزیراعلیٰ کچھ دیر وہاں رکے اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، انہوںنے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :