آل کراچی سپر کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں تنظیم اسپورٹس گذری نے شہباز گرین بنارس کی ٹیم کو شکست دیدی

اتوار 11 فروری 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2018ء) سر اصغر فٹبال اکیڈمی کے تعاون سے تنظیم اسپورٹس اور سندھ مسلم گذری کے زیراہتمام آل کراچی سپر کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں تنظیم اسپورٹس گذری نے شہباز گرین بنارس کی ٹیم کو مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس پر5-4 سے شکت دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

افتتاحی تقریب میں ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلی کرم اللہ وقاصی چیئرمین یوسی31 کہکشاں مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فٹبال کو کک لگاکر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ان کے ساتھ ان کے ساتھ پیپلزپارٹی پی ایس 112کے نو منتخب صدر اکبر لاکھو، اختر لاکھو،حفیظ بروہی، ماسٹر رفیق، عبدالصمدجناح، ممتاز بلوچ، ریحان بلوچ ، شاہ جہان بلوچ ، عبدالحفیظ بروہی، آرگنائزنگ سیکریٹری ایشلے جانی ڈین ،ممبر ان ٹیکنیکل کمیٹی محمد خان، محمد ابراہیم، اصغر محمود، رضوان، اراکین آرگنائزنگ کمیٹی میں محمود خان، سہیل بروہی، شاہد میر، میر محمد، اظہر مفتی، ایاز خان، کاشف بروہی،رضا خان، محمد سلیم سماء،غلام علی، کامران شیوانی، ارشاد خان،ایونٹ کوآرڈینیٹر عبدالوحید اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی رضا طارق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کراچی سپر کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم تنظیم اسپورٹس گذری نے ہوم کرائوڈ کی موجود گی میں شہباز گرین بنارس کے خلاف ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے آخری منٹ میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کرکے پنالٹی ککس پر5-4 سے فتح حاصل کرکے کوارٹرفائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ تنظیم اسپورٹس کراچی سپر کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔

کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا۔دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے لیکن فاروڈز کی جلد بازی کے باعث کوئی بھی ٹیم پہلے سبقت حاصل کرنے میںکامیاب نہیں ہوسکی۔پہلے ہاف کے اختتام پر دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابری پر میدان سے باہر آئیں۔ دوسرے ہاف میں شہباز گرین کی جانب سی52 ویں منٹ میں وہاب خان نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں 1-0ایک، صفر کی برتری دلوادی۔

ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد تنظیم نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے تمام کوششوں کو ناکام بنادیا۔ اس دروان شباز گرین کو تین چار گول کے یقینی مواقع ملے لیکن فارڈز نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں 90+3 منٹ تنظیم اسپورٹس کوگول کرنے کا ایک بہترین موقعہ ملا جس پر ایک شاندار والی کک کے زریعے اسٹرائیکرمحمد خان نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو نہ صرف شکست سے بچالیا اور مقابلہ1-1 گول سے برابر کرکے جیت کی امید پیدا کردی۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی ککس کا سہار الیا گیا جس میں پنالٹی ککس پر تنظیم اسپورٹس نے شہباز گرین کو5-4 سے قابو کرکے فائنل ایٹ میں جگہ بنالی۔ میچ کے ریفری شوکت راجپوت، ڈپٹی ریفری جاوید بنگش، عمران فیصل ،غلام علی میچ کمشنر شاہد میر ، میڈیا کوآرڈینیٹر علی رضا طارق اورمحمد سلیم سماء تھے۔ ٹورنامنٹ میں پیر 12فروری کو ڈسٹرکٹ ایسٹ کی چیمپئن اعظم اسپورٹس کا سامنا سرحد اسپورٹس لانڈھی سے ٹھیک چار بجے ہوگا۔ منگل13 فروری کو ینگ پرنس فٹبال کلب اورکلری محمڈن سائوتھ کی ٹیمیں معد مقابل آئیں گی۔10سی25 فروری تک جاری اس ٹورنامنٹ میں چارڈسٹرکٹوں ایسٹ ، ویسٹ سائوتھ اور ملیر کی سولہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :