جنہوں نے کراچی کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا وہ آج عوام کے سامنے آنسو بہا کر ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں ،فردوس نقوی

ممبرسازی مہم میں عوام کی بڑی تعداد اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ اب کراچی کے عوام ان دھوکے بازوں کو کبھی نہیں آزمائیں گے ،خرم شیر زمان

اتوار 11 فروری 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی،جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان اور رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان نے کہا ہے کہ جنہوں نے کراچی کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا وہ آج عوام کے سامنے آنسو بہا کر ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں ۔

آج تیسرے روز بھی بہادر آباد میںتحریک انصاف کی ممبرسازی مہم میں رکنیت حاصل کرنے کے لئے عوام کی بڑی تعداد اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ اب کراچی کے عوام ان دھوکے بازوں کو کبھی نہیں آزمائیں گے ۔ یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے جاری رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں بہادر آباد چورنگی پر لگائے گئے دوسرے تین روزہ ممبر شپ کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے مزید کہا کہ آج کراچی کی جو صورتحال ہے اسکی ذمہ داری ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ہیں ۔دونوں جماعتوں کے مک مکا کی وجہ سے کراچی شہر کو اس کے حق سے محروم رکھا گیا ۔ آج کراچی کے شہری پینے کے صاف پانی، پکی سڑکیں ، صفائی ستھرائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت سازی کی مہم زور و شور سے جاری ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ پی ٹی آئی کا حصہ بنیں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں۔ پاکستان کے عوام مسلم لیگ ن،پی پی پی اور ایم کیو ایم جیسی سیاسی جماعتوں سے بے زار ہوچکے ہیں اور اب وہ چاہتے ہیں کہ اب پاکستان ترقی یافتہ ملک بنے، انہیں بھی روزگار میسر ہو، انکے بچے بھی اعلی تعلیم حاصل کریں اور اپنے ملک کا نام روشن کریں ۔پاکستان کے عوام اب آنے والے انتخابات میں اپنی قسمت بدل کر رہیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف وفاق سمیت چاروں صوبوں میں اپنی حکومت بنائے گی اور خدا نے چاہا تو وہ دن دور نہیں جب اس ملک کے غریب اور کچلے ہوئے عوام کی قسمت بدل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :