متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان پیٹرول کے شعبے میں سمجھوتہ

اتوار 11 فروری 2018 15:20

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2018ء) متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان پیٹرول کے شعبے میں ایک سمجھوتے اور 4 میمورینڈم آف انڈرا سٹینڈنگ پر دستخط کر دئیے گئے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم کی خبر کے مطابق طے پانے والے سمجھوتے کو تاریخی قرار دیا گیا اور اس پر متحدہ عرب امارات کی طرف سے ابو ظہبی کے ولیعہد پرنس محمد بن زیاد النیہان اور بھارت کی طرف سے وزیر اعظم نریندرا مودی نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

سمجھوتے کی رو سے بھارت کی سب سے بڑی پیٹرول کی تلاش کی کمپنی انڈین نیشنل پیٹرول اینڈ گیسONGC ، 599 ملین ڈالر کے شراکتی مارجن کے بدلے میں ابو ظہبی کے زیریں زاقم فیلڈ میں ابو ظہبی نیشنل پیٹرول کمپنی ADNOC کے پیٹرول کے امتیازی حقوق سے 10 فیصد حصہ وصول کرے گی۔سمجھوتے کے ساتھ طے پانے والے 4 میمورینڈم آف انڈر اسٹینڈنگ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان شرکت داری اور بعض شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے ہدف کا تعین کیا گیا ہے۔سمجھوتہ ماہِ مارچ سے نافذ العمل ہو گا اور اس کی مدت 40 سال ہو گی۔