کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا

بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ،ْمغربی ہواؤں کے دباؤ کا سسٹم سندھ کے ساحلی علاقوں میں داخل

اتوار 11 فروری 2018 13:50

کراچی /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2018ء) کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد ،ْشارع فیصل ،ْصدر ،ْگلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاری سمیت دیگر علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے دباؤ کا سسٹم بلوچستان سے ہوتا ہوا سندھ کے ساحلی علاقوں میں داخل ہوگیا جو بارش برسانے کا سبب بن رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جار ی ہے گا دوسری جانب حب شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے ،ْپنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بھی رم جھم بارش برسی ،ْ پنجاب میں کمالیہ، گوجرانوالہ، بہاول پور سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

(جاری ہے)

ملتان میں بھی گزشتہ روز سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی شدید ٹھنڈی ہوا سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر سے اضافہ ہو گیا۔ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آسمان پر گہرے بادل چھائے رہے ادھر بلوچستان کے علاقے چاغی اور خضدار میں ہلکی بارش نے سردی کو بڑھا دیا ،ْ گزشتہ روز وادی زیارت اور کوڑک ٹاپ پر برفباری بھی ہوئی۔ مالاکنڈ ڈویژن اور چترال کے پہاڑوں پر رات سے برفباری ہوئی جس سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔