علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی طلبہ کو میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگراموں کی کتابوں کی سافٹ کاپیاں ویب سائٹ پر فراہم کرے گی

اس سے طلبہ کو اسائنمنٹس بروقت تیار کرنے میں مدد ملے گی، کتابوں کی پرنٹ کاپیاں شیڈول کے مطابق ارسال کی جائیں گی پہلے مرحلے میں یونیورسٹی ویب سائٹ پر بی ایڈ پروگراموں کی کتابوں کی سافٹ کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کا اجلاس سے خطاب

اتوار 11 فروری 2018 12:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی ملک بھر میں موجود اپنے لاکھوں طلبہ کو میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگراموں کی کتابوں کی سافٹ کاپیاں ویب سائٹ پر فراہم کرے گی تاکہ انہیں اسائنمنٹس بروقت تیار کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے، کتابوں کی پرنٹ کاپیاں اپنے شیڈول کے مطابق ارسال کی جائیں گی،اس بارے ایکشن پلان پر بتدریج عمل درآمدکیا جائے گی۔

پہلے مرحلے میں یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بی ایڈ پروگرامز کی کتابوں کی سافٹ کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمسٹر بہار 2018ء کے داخلوں کے حوالے سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریجنل ڈائریکٹرزکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں اور سمسٹربہار2018ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگراموں کے جاری داخلوں کے بارے میں ان کی رہنمائی کریں ۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ریجنل ڈائریکٹرز یونیورسٹی اور طلبہ کے درمیان رابطہ پل کا کردار ادا کررہے ہیں اور وہ یونیورسٹی کے سفیر ہیں اس لیے وہ طلبہ کے لیے سپورٹ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز مرتب کریں۔اجلاس میں داخلوں کی خبریں اور تفصیلات لوگوں تک پہنچانے کے لئے پبلسٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ریجنل ڈائریکٹرز نے یونیورسٹی کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے تجاویز دیں۔ ڈائریکٹر ریجنل سروسسز میاں عارف سلیم عارف نے ریجنل ڈائریکٹرز کو طلبہ سے متعلق ان کی ذمہ داریوں اور فرائض پر بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :