Live Updates

پی ٹی آئی کی خیبر پختونخواہ کی حکومت عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے‘ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے قول و فعل میں بہت زیادہ تضاد موجود ہے

وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجنیئر امیر مقام کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 11 فروری 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2018ء) وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجنیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ کی حکومت عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے قول و فعل میں بہت زیادہ تضاد موجود ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان تو احتساب کے حوالے سے بھی دوہرا معیار رکھتے ہیں اور اپنے حکومتی صوبے میں کسی ایک بھی شخص کا احتساب کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخواہ میں تیز رفتار اور شفاف احتساب کا دعوٰی تو کرتے ہیں لیکن انہوں نے تو وہاں جہاں ان کی جماعت پوری حکومت کے مزے لے رہی ہے احتساب بیورو کے دفتر کو تالے لگوا دئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے لوگ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کی سیاست سے بری طرح مایوس ہو چکے ہیں۔ مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان یہ بھی جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کی جماعت کی صوبائی حکومت نے اپنے حکومتی صوبے میں اربوں درختوں کے منصوبے مکمل کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں تعلیم کا شعبہ بھی زوال کا شکار ہے لیکن پی ٹی آئی کی قیادت اس شعبے میں بھی بہت بہتری کے دعوے کرتی ہے جن کی کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں عمران خان کے کزن اسکائپ کے ذریعے ہیلتھ پالیسی چلا رہے ہیں جبکہ مستقبل میں اربوں درختوں کے منصوبے سمیت خیبرپختونخواہ میٹروبس منصوبے میں بھی بڑی کرپشن سامنے آئے گی۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے دھرنوں اور سڑکوں پر احتجاجی سیاست متعارف کرانے کے سوا اور کچھ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں لوگ کارکردگی کی بنیاد پر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اور وہی فیصلہ کریں گے کہ ملک پر حکمرانی کون کرے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات