پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں کراچی اور سندھ کے تمام ٹھیکیداروں کو اپنے انتخابی نتائج سے منہ توڑ جواب دے گی،دوس شمیم نقوی

ہفتہ 10 فروری 2018 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ آنے والے انتخابات میں کراچی اور سندھ کے تمام ٹھیکیداروں کو اپنے انتخابی نتائج سے منہ توڑ جواب دے گی۔ فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں بہادر آباد میں منعقد ہونے والے پی ٹی آئی کے ممبر شپ کیمپ میں پارٹی کارکنان اور ہمدردوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی شرقی کے صدر بلال غفار، ضلع غربی کے صدر سبحان علی ساحل، مبشر حسن زئی، خواتین ونگ کراچی کی صدر صائمہ ندیم اور سعدیہ آغا بھی موجود تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف غریب اور پسماندہ افراد کی نمائندہ جماعت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ غریب انسان کسی بھی ذات، رنگ اور نسل سے تعلق رکھتا ہو، انصاف جو اس کا بنیادی حق ہے، اسے ارزاں نرخوں پر نصیب ہو۔

(جاری ہے)

ہم مضبوط اداروں، بالادست عدلیہ اور غیر جانبدار پولیس پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم امیر کو امیر تر اور غریب کو غریب تر کرنے والے نظام کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ یہ استحصالی نظام ہی دراصل غریبوں اور محنت کشوں کا دشمن ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے نزدیک امیر اور غریب برابر ہیں۔ عمران خان کالے اور گورے میں فرق نہیں کرتا۔ عمران خان آپ سب کا بھلا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ پاکستان تحریک انصاف میں دھڑادھڑ شامل ہو رہے ہیں کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف ہی اس وقت ان کی آخری امید ہے۔ اس موقعے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے جوش و خروش کے ساتھ پارٹی کے حق میں عمران خان اور تحریک انصاف زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ #

متعلقہ عنوان :