سندھ سے جنرل نشستوں پرپاکستان پیپلزپارٹی کے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کابینہ ارکان اور ایم پی ایز کے ہمراہ الیکشن کمیشن پہنچے اور اپنے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرائی

ہفتہ 10 فروری 2018 22:33

سندھ سے جنرل نشستوں پرپاکستان پیپلزپارٹی کے تمام امیدواروں کے کاغذات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2018ء) سینیٹ آف پاکستان کے لیے سندھ سے جنرل نشستوں پرپاکستان پیپلزپارٹی کے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو ریٹرننگ افسر نے درست قرار دیکر منظور کرلیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کابینہ ارکان اور ایم پی ایز کے ہمراہ الیکشن کمیشن پہنچے اور اپنے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرائی ،اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور چیئرمین سینیٹ رضاربانی بھی موجود تھے۔

ہفتے کے روز پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے سینیٹ آف پاکستان کے انتخابات میں جنرل نشستوں پر حصہ لینے والے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ کابینہ ارکان,ارکان اسمبلی اور امیدواروں کے ہمراہ مقررہ وقت پر الیکشن کمیشن پہنچے، ریٹرننگ افسر کی جانب سے امیدواروں کو 10:00سی 11:00بجے پہنچنا تھا تاہم وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ مقررہ وقت سے پہلے پہنچے اور تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرائی اس موقع پر ریٹرننگ افسر نے بھی وقت کی پابندی اور دستاویزی کارروائی مکمل ہونے کو سراہا۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افسر محمد یوسف خٹک نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں رضاربانی، مولابخش چانڈیو،مرتضیٰ وہاب، امام الدین شوقین، ایاز مہر، مصطفی نواز کھوکھر ،دوست علی جیسر,محمدعلی شاہ جاموٹ,جاوید نایاب لغاری، قاسم سراج سومروکے کاغذات کو درست قراردیا۔اس موقع پر الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کی ٹوٹ پھوٹ سے خوش ہیں اورنہ ہی اس سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب پی ایس پی اور ایم کیوایم کے درمیان اتحاد ہوا تھا تب بھی خوشی ہوئی تھی اور ایم کیوایم کے دو گروپوں کی لڑائی سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں۔سید مرادعلی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سینیٹ کے الیکشن میں پیپلزپارٹی سندھ سے تمام(12)نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور پیپلزپارٹی کے ویڑناور خدمت کو دیکھتے ہوئے ارکان اسمبلی ہمارے نمائندوں کو ووٹ دیں گے۔

سیدمرادعلی شاہ نے کہا کہ اگر سینیٹ الیکشن میں کسی کو پیسوں کی آفر ہوئی ہے تو وہ پیسے دینے والے کا نام بتائے ،ہم ایسی کسی بھی کوشش کو نہ اچھا سمجھتے ہیں نہ ایسا کررہے ہیں۔ مرادعلیشاہ نے کہا کہ نیب پر انکے تحفظات تھے اور اب بھی ہیں نیب کا روہڑی کینال کو بند کرکے فصلوں اور کسانوں کو نقصان ہوا جس کا براہ راست اثر معیشت پر پڑا ہے۔ مرادعلی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔#