پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کے سبب کل کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں امن قائم ہوا ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 10 فروری 2018 21:41

پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کے سبب کل کوئٹہ سمیت ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کے سبب کل کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں امن قائم ہوا ہے، پولیس افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذ رانہ دیکر دشمن کو ناکامی سے دوچار کیا، حکومت پولیس کی طاقت و قوت ان کے معاشی و سماجی مسائل کے حل اور ان کو بہترکام کرنے کا ماحول فراہم کرنے میںکوئی کسراٹھا نہیں رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے ہفتہ کے روز پولیس لائن میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، رکن صوبائی اسمبلی محمد خان لہڑی ، سیکرٹریز ، پولیس آفیسر ان اور جوانون کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی،پولیس لائن پہنچے پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آ ف آنر پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے جس دلیری اور جرأت کا مظاہرہ کیا ہے وہ خراج تحسین کے لائق ہے، ہمارا دشمن بڑا شاطر اور مکار ہے جو ہمارے لوگوں کو ہمارے خلاف ورغلاتا ہے لیکن ہماری سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ان کے ناپاک عزائم ناکام ہوچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور عوام اپنی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے ، پولیس فورس نے اپنے آفیسران اور جوان اس ملک اور صوبے کے روشن مستقبل کے لئے قربان کئے ان کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے میں آپ کو یقین دلاتاہوں کہ حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے پولیس کے محکمہ کو بہتر بنانے ، ان کے جائز مطالبات کے حل کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی، پولیس کے جوانوں نے زرغون روڈ چرچ پر ہونے والے حملے کا جرات اور دلیری سے مقابلہ کر کے پولیس کا مورال بلند کردیا ہے اور میں پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوںکہ پولیس مزید بہادری اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی، میری دعا ہے کہ اپنے ملک اور خاص طور پر صوبہ کو امن کا گہوارہ بنا کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملادیں۔

پولیس دربار سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے پولیس افسران اور جوانوں کے لئے متعدد اہم اعلانات کئے جن میں پولیس ملازمین اور فیملیز کے لئے رہائشی اسکیم، پولیس ملازمین کی اپ گریڈیشن، پولیس شہداء اور حادثاتی اموات پانے والے ملازمین کے لئے امدادی پیکج، شدید زخمی پولیس ملازمین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پانچ کروڑ کا Revolvingفنڈ، 30بستروں پر مشتمل ہسپتال، پولیس ایگل اسکواڈ کے لئی200موٹر سائیکل ، آفسران کی سیکورٹی کے لئے بلٹ پروف گاڑیاں، پولیس گرائمر اسکول میں پری اسکول کے لئے پانچ کمروںکی تعمیر گرائمر اسکول کے لئے چھ اساتذہ کی سیٹیں، ٹریفک اور اسپیشل برانچ کی تنظیم نو، تھانوں کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی شامل ہے ،اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت ماہوار دس لاکھ روپے تک کی پولیس لائن کے بی ایچ کیو کو فراہمی جاری رکھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شکایات اور سوالات سنے اور بعض شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔تقریب سے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں آئی جی پولیس نے سپاسنامہ پیش کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس نے وزیر اعلیٰ کو قدیم بندوق کا تحفہ پیش کیا۔