سکیورٹی کے نام پر شہریوں کو گھرو ں میں محصور کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار

ہفتہ 10 فروری 2018 21:23

سکیورٹی کے نام پر شہریوں کو گھرو ں میں محصور کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے،چیف ..
لاہور۔10 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے لاہور میں سکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرنے سے متعلق آئی پنجاب کی رپورٹ مسترد کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سکیورٹی کے نام پر شہریوں کو گھرو ں میں محصور کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔اتوارکو آپ کے وزیراعلی بھی آئیں گے اور سڑکیں بھی کھلیں گی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرنے کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کی،دوران سماعت آئی جی پنجاب عارف نواز نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا کہ ماڈل ٹاون 180 ایچ اے وزیر اعلی کیمپ آفس کو سکیورٹی خدشات کے باعث ایک سائیڈ سے بند کیا گیا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سکیورٹی کے نام پر شہریوں کو گھروں میں محصور کر نے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔

آئی جی پنجاب عارف نواز نے عدالت میں بیان دیا کہ انٹیلی جنٹس رپورٹ کی بنیاد پر سڑک کو بند کیا گیا تاہم وہاں کے رہائشییوں کو جانے کی اجازت ہے،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسی رپورٹس پولیس خود تیار کرلیتی ہے۔ چیف جسٹس نے جمع کروائی گئی رپورٹ کو مسترد کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :