ڈیرہ حالیہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں مذہبی اختلاف یا فرقہ واریت نہیںبلکہ تیسرا فریق ہے،صلاح الدین خان محسود

عوام اور تمام مکاتب فکر کے علماء کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اتفاق کے ساتھ ان بیرونی سازشی عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے،آئی جی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 فروری 2018 21:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین خان محسود نے کہا ہے ڈیرہ اسماعیل خان میںحالیہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں مذہبی اختلاف یا فرقہ واریت نہیں بلکہ یہ ایک تیسرافریق ہے جس کے پیچھے بیرونی ہاتھ کا قوی امکان ہے۔ جس کا بنیادی مقصد نہ صرف ڈیرہ بلکہ ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کر کے ہمیںآپس میں لڑانا ہے، لیکن عوام اور تمام مکاتب فکر کے علماء کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہم تمام سیکیورٹی اداروں اور پولیس مل کر اتفاق کے ساتھ ان بیرونی سازشی عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے اور ان کی یہ منصوبہ بندیاں انشاء اللہ ناکام ہوں گی۔

وہ آج ڈیرہ اسماعیل خان آمد کے موقع پر پولیس ریسٹ ہائوس میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان کامزید کہنا تھا کہ ڈیرہ پولیس کی کارکردگی تسلی بخش ہے تمام امور پرہماری گہری نظر ہے جرائم یا دہشت گردی کی روک تھام میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔شہر میں امن وامان کے قیام اورمقاصد کے حصول کے لئے تمام سیکیورٹی فورسز کے ادارے جبکہ پولیس اور اس کے تمام انٹیلی جنس ادراے روزمرہ کی بنیاد پرمعلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے مل کر کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں روزمرہ معمول کی چیکنگ، ناکہ بندیوں اور پابندیوں سے عوام کو ہونے والی تکلیف کا بھی ضرور احساس ہے لیکن انسانی جان سے یہ تکلیف زیادہ ہرگز نہیں ہے اسے ہمیں برداشت کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی دہشت گردی مختلف نہی بلکہ اسی طرح کی دہشت گردی کے تانے بانے پورے ملک میں موجود ہیں جن کا بنیادی مقصد مذہبی فرقہ واریت،لسانیت اور قومیت کو ہوا دے کراس آگ کو ملک کے کونے کونے میں بھڑکانا ہے۔

یہ وقت ہمارے صبر اور برداشت کے امتحان کا ہے، ہم نے تحمل اور بردباری سے اس تمام صورتحال سے باہر نکل کر دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرکے اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے آلہ قتل اور گاڑی جس میں وہ فرار ہوکر گئے برآمد کرلیے گئے ہیں۔ ایف ایس ایل رپورٹ آچکی ہے تاہم ایک ملزم تاحال روپوش ہے جس کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہے اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

قبل ازیں انہوں نے اہل تشیع اہل سنت،تاجربرادری اور معزین شہر سے ملاقات کی جس میں تمام مکاتب فکر کے شرکاء نے بھی اس یقین کا اظہار کیا کہ شہر میں حالیہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ قوموں کامذہبی بنیاد پر اختلاف یا فرقہ وارانہ وجوہات کے بنا پر نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے تیسری قوت کار فرما ہے ا ور اس کے لئے ہم سب کومتحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے افراد نے شہر کے امن کے لئے انہیں اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :