شاہ زیب قتل کیس، شاہ رخ جتوئی جناح اسپتال منتقل

ہفتہ 10 فروری 2018 20:39

شاہ زیب قتل کیس، شاہ رخ جتوئی جناح اسپتال منتقل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو سینٹرل جیل سے جناح اسپتال کے خصوصی وارڈ منتقل کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر رہائی پانے والے شاہ رخ جتوئی نے ماضی میں بھی دورانِ قید زیادہ وقت جناح اسپتال میں گزارا جہاں ان کے لیے علیحدہ کمرہ اور خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

سندھ ہائی کورٹ شاہ نے گزشتہ دنوں شاہ زیب قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت تمام گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سول سوسائٹی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔چیف جسٹس آف پاکستان نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تین رکنی بینچ تشکیل دیا اور گزشتہ سماعت پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے ساتھ انہیں دوبارہ حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

شاہ رخ جتوئی کو گرفتار کر کے کراچی کے سینٹرل جیل منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے صرف دو روز ہی گزارے تھے کہ اچانک ان کی کمر میں درد کی شکایت ہوئی جس پر جیل انتظامیہ نے انہیں جناح اسپتال کے خصوصی وارڈ منتقل کردیا۔ذرائع کے مطابق ملزم کے مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے اور ان کی رپورٹس کے بعد جیل منتقل کرنے یا زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔