وزیر ریلویز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس، خیبر میل کے چاروں ریکس کی اپ گریڈیشن کا حکم دے دیا

ہفتہ 10 فروری 2018 20:38

وزیر ریلویز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس، خیبر میل کے چاروں ریکس کی ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2018ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی خیبر میل کی اپ گریڈیشن کا حکم دے دیاہے۔ خیبر میل کے چاروں ریکس میں شامل 64کوچز کو نئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا جن میں اکانومی کی چوبیس ، اے سی سٹینڈرڈ کی چار چار ، اے سی بزنس کی بارہ کوچز کے علاوہ ڈائنگ کاروں اور سلیپر پاور پلانٹس ، لیگج وینوں اور ڈاک خانہ کے ڈبے بھی شامل ہیں۔

گذشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافے کے بعد ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں سمیت ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور بحالی ، ترقی اور جدت کا یہ کام حکومت کی طرف سے کسی بیل آئوٹ پیکج کے بغیر ہی پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہاہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لیے اکانومی کلاس کے مسافر بھی وی آئی پی کا درجہ رکھتے ہیں لہٰذا ٹرینوں کی اپ گریڈیشن میں اکانومی کلاس مزید آرام دہ اور نشتوں کو نرم اور کشادہ بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے فیچرز میں وائی فائی ، پبلک ایڈریس سسٹم ، واش رومز میں نمایاں بہتری لائی جارہی ہے جبکہ ٹرین پر الیکٹرانک بورڈ بھی لف کئے جارہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مارچ کے اختتام تک اپ گریڈڈ خیبر میل تیار کرلی جائے گی۔ اجلاس میں چیئر پرسن مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمدجاوید انور، سیکرٹری ریلوے بورڈ زبیرشفیع غوری سمیت مختلف شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔