ہر صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کررہے ہیں،وسیم اختر

فنڈز کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے ہر علاقے میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں ،میئر کراچی

ہفتہ 10 فروری 2018 19:05

ہر صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کررہے ہیں،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہر صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے کام کررہے ہیں مختلف علاقوں کے مسائل حل کرنے میں فنڈز کی کمی کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے ہر علاقے میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں جو گزشتہ 10 برسوں سے تعطل کا شکار ہیں سیاسی مسئلے کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش کررہے ہیں اور جلد عوام کو خوشخبری دیں گے ، کسی کو فائدہ پہنچانہ ہمارا مقصد نہیں قوم کو فائدہ پہنچانا تمام مسئلوں کا حل مل جل کر بیٹھنے میں ہے، سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے متعلق مسائل حکومت سندھ حل کرے گی کیونکہ یہ ادارے انہیں کے پاس ہیںاور شہریوں کو سب سے زیادہ شکایات بھی انہی اداروں سے ہیں، یہ بات انہوں نے شریف آباد اور کریم آباداور اطراف میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کرتے ہوئے کہی، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی ، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر کورآرڈینیشن مسعود عالم، یوسی چیئرمین اور دیگر افسران اور منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ شریف آباد یوسی 34 میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی اس سڑک پر گزشتہ 2 سال پہلے کام شروع ہوا تھا اور یہ سڑک کھوڈ کر چھوڑ دی گئی تھی جس سے یہاں کے مکین بے انتہا پریشان تھے سڑک بننے کے بعدشہریوں کو اس پریشانی سے نجات ملے گی، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ میڈیا کا سب سے زیادہ شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ترقیاتی کاموں کو شہریوں تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیاسی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں 22 اگست سے پہلے رابطہ کمیٹی پر ذمہ داریاں نہیں تھیں لیکن اب رابطہ کمیٹی پر ذمہ داریاں عائد ہوگئی ہیں انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی میرٹ پر ہی چلے گی، آج ہم ہیں کل نہیں ہونگے آج یہ روایات ڈال رہے ہیں کہ میرٹ پر ٹکٹس کی منصفانہ تقسیم ہو عوام سیاسی صورتحال سے پریشان ہیں لیکن جلد بہتر صورتحال سامنے آئے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کی پارٹی سے بھی وابستگی ہے اگر کوئی میری کارکردگی پر تنقید کررہا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہم نیک نیتی کے ساتھ کام جاری رکھیں گے، 2018ء کے الیکشن میں پہلے سے زیادہ ووٹ لیں گے اور ووٹ لینے کا گزشتہ ریکارڈ بھی توڑ دیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ فاروق ستار ہی ہماری پارٹی کے سربراہ ہیں کیونکہ وہ پارٹی کو لے کر چل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے پیش نظر اجتماعی مفاد ہے اور اس شہر کا مستقبل ہمیں عزیز ہے ، اس لئے اس شہر کی ترقی، انفرا اسٹرکچر کی بہتری ، سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی تعمیر، پارکوں کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں اور بلدیاتی اداروں پر ایڈمنسٹریٹرز کے دور سے جو جمود طاری تھا اسے ختم کردیا ہے اور تمام دستیاب وسائل سے شہر کو بہتر کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے دورے کے موقع پر مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور وہاں کے شہریوں کے ساتھ کریم آباد کے ایک ہوٹل میں بیٹھ کر چائے نوش کی۔

متعلقہ عنوان :