ایم کیو ایم کی آپس کی لڑائی سے شہریوں کی زندگی مزید اجیرن ہو گئی ہے ، مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن

بلدیاتی مسائل کا حل یہ ہے کہ محب وطن کارکنان مسلم لیگ (ن) کے امن ، ترقی اور خوش حالی کے ایجنڈے سے منسلک ہو جائیں ، حاجی شاہجہان،عبدالرحیم اعوان کراچی سے خیبر تک مسلم لیگ (ن) ہی عوام کے حقوق کی ضامن ہے ،وفاق اور پنجاب حکومت کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے، سہیل ندیم ،نورخان اخوانزادہ ملک کو دہشت گردی اور توانائی کے بحران سے نکالنے کے بعد شہر قائد کی قسمت بھی مسلم لیگ (ن) ہی بدلے گی، مہنازاختر، خواجہ نیئرشریف

ہفتہ 10 فروری 2018 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) کستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہان، عبدالرحیم اعوان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سہیل ندیم ،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ،شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختراورڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری خواجہ نیئرشریف نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کی آپس کی لڑائی سے شہریوں کی زندگی مزید اجیرن ہو گئی ہے ۔

توجہ بلدیاتی مسائل کے حل کے بجائے پارٹی پر قبضہ کنٹرول پر مبذول ہو گئی ہے ۔ جس سے شہریوں کے مسائل حل ہونے میں مزید دقت پیدا ہو گئی ہے ۔ پیپلز پارٹی پہلے بھی رکاوٹ تھی ۔ آپس کی لڑائی ، کشمکش ٹوٹ پھوٹ نے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں ۔ بلدیاتی مسائل کا حل یہ ہے کہ محب وطن اور کراچی دوست کارکنان نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امن ، ترقی اور خوش حالی کے ایجنڈے سے منسلک ہو جائیں تاکہ کراچی کو پھر سے عروس البلاد بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ہفتے کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے شہر قائد کو امن کا تحفہ دیا ۔امن و امان کی صورت حال میں بہتری کے بعد ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شہر کی منتخب قیادت عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا کردار دا کرتی لیکن افسوسناک بات ہے کہ نااہل سندھ حکومت کے بعد بلدیاتی قیادت نے بھی عوام کی داد رسی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔

شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہواہے اور ایم کیو ایم کی قیادت سینیٹ کے ایک ٹکٹ کے لیے دست و گریبان ہے ۔انہوںنے کہا کہ عوام تمام صورت حال کو بخوبی دیکھ رہے ہیں اور ان کو اس حقیقت کا ادراک ہوچکا ہے کہ کون ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور کوان کو اپنی سیاسی سیڑھی بناکر سیاسی مفادات حاصل کرتا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کراچی سے خیبر تک مسلم لیگ (ن) ہی عوام کے حقوق کی ضامن ہے ۔

وفاقی اور پنجاب حکومت نے اپنی کارکردگی سے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ اگر نیت ٹھیک ہو تمام مسائل کو محدود وسائل میں رہتے ہوئے بھی حل کیا جاسکتا ہے ۔ملک کو دہشت گردی اور توانائی کے بحران سے نکالنے کے بعد شہر قائد کی قسمت بھی مسلم لیگ (ن) ہی بدلے گی ۔انہوںنے کراچی کے عوام اور خصوصاً ایم کیو ایم پاکستان کے محبت وطن کارکنوں کو دعوت دی کہ وہ مفاد پرست سیاستدانوں سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امن ،ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے سے منسلک ہوجائیں ۔