جان محمد بلوچ انویٹیشن پاکستان آرمی ضرب عضب زندہ باد سائیکل ریس (کل) ہوگی

ڈی جی رینجرز سندھ انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اور کراچی ٹریفک پولیس نے سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا

ہفتہ 10 فروری 2018 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) جان محمد بلوچ انویٹیشن پاکستان آرمی ضرب عضب زندہ باد سائیکل ریس کل (اتوار) ہوگی۔سائیکل ریس اسٹار گیٹ مین شاہراہ فیصل سے شروع ہوگی اورنیشنل ہائی وے سے ہوتی ہوئی اسٹیل ٹاؤن جا کر واپس ڈی ایم سی ملیر لانڈھی کے آفس کے سامنے ختم ہوگی۔ یہ بات آج سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اورجنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے بتائی۔

عابد علی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر کے چیئرمین جان محمد بلوچ نے اس ریس کو مکمل طور پر اسپانسر کیا ہے اور وہ سائیکل ریس کا افتتاح کریں گے اور پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں انعامات بھی تقسیم کریں گے۔ کلیم احمداعوان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ملیر سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد اکرم بلوچ کو چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سائیکل ریس میں اولمپکس اور عام سائیکل گروپ کے 100سے زائد تیز رفتار ترین سائیکلسٹ حصہ لیں گے۔دونوں گروپس کے ابتدائی تین پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں اور شیلڈ تقسیم کی جائیں گی۔ کلیم اعوان نے مزید بتایا کہ ریس کے کامیاب ترین انعقاد کے لئے انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس ، ڈی جی رینجرز سندھ اور کراچی ٹریفک پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔اس ریس میں آئندہ ہفتے ہونے والی ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس کیلئے سندھ کی بی ٹیم کیلئے 6تیز رفتار ترین سائیکلسٹوں کا انتخاب بھی کیا جائیگا۔