لوٹ کھسوٹ اورلوگوں کو خریدنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی‘ سینٹ میں ووٹ خرید کر آنے والوں کا مقابلہ کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 10 فروری 2018 15:34

لوٹ کھسوٹ اورلوگوں کو خریدنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی‘ سینٹ میں ووٹ خرید ..
میانوالی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 فروری۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ لوٹ کھسوٹ اورلوگوں کو خریدنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی‘ سینٹ میں ووٹ خرید کر آنے والوں کا مقابلہ کریں گے۔میانوالی کی تحصیل عیسی خیل میں گیس فراہمی منصوبے کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عیسیٰ خیل کو گیس فراہمی کا منصوبہ پنجاب کا سب سے بڑا گیس منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون دعویٰ نہیں کام کرتی ہے‘میانوالی سے گزرنے والا موٹر وے کاغذ پر نہیں ہے حکومت نے دھرنوں اور سازشیں کا مقابلہ بھی کیا اور کام بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے شائستگی اور شرافت کی سیاست کی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ووٹ خرید نے والا سینیٹر لوگوں کی نمائندگی نہیں کرسکتا جو سینیٹر ووٹ خرید کر آئیں گے ان کا مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013 سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اتنے ترقیاتی کام کرائے جتنے 2013 سے پہلے 65 سال میں نہیں ہوئے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دھرنوں، مشکل حالات کے باوجود کام کرائے اور سیاسی سازشوں کا مقابلہ کیا، خیبرپختون خوا سمیت چاروں صوبوں کی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کاموں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، باقی صوبوں کے عوام پنجاب کو رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور شہباز شریف جیسا وزیراعلیٰ چاہتے ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چترال سے گوادر تک منصوبے لگ رہے ہیں، گیس، بجلی، اسپتال، صنعتیں لگ رہی ہیں، تمام منصوبے نواز شریف اور نون لیگ کا تحفہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ اور ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والا ملک و قوم کی نمائندگی نہیں کرسکتا، عوام فیصلہ کریں کہ کام کرنے والوں کو ووٹ دینا ہے یا گالیاں دینے والوں کو، اگلے الیکشن میں (ن) لیگ کی حکومت واپس آئے گی۔انہوں نے کہا آج سیاست کا مقابلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، دھرنوں کے باوجود حکومت کام کرتی رہی،مسلم لیگ ن نے خدمت اور شرافت کی سیاست کی ہے۔

متعلقہ عنوان :