لوٹ کھسوٹ، ضمیر فروشی اور ووٹ خریدنے کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ،ْایسی سیاست کیخلاف جہاد کرکے ختم کرنا ہوگا ،ْ وزیراعظم

ہفتہ 10 فروری 2018 15:26

لوٹ کھسوٹ، ضمیر فروشی اور ووٹ خریدنے کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ،ْایسی ..
میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ لوٹ کھسوٹ، ضمیر فروشی اور ووٹ خریدنے کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ،ْایسی سیاست کیخلاف جہاد کرکے اسے ختم کرنا ہوگا ،ْ (ن) لیگ ضمیر خرید کر سینیٹ میں آنے والے لوگوں کا مقابلہ کرے گی ،ْعوام فیصلہ کریں کہ انہیں گالیاں دینے والوں یا کام کر نے والوں کو ووٹ دینا ہے ،ْخیبرپختون خوا سمیت چاروں صوبوں کی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کاموں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ۔

ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل اور اس کی ملحقہ آبادی کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا اس سے قبل وزیراعظم کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے تحصیل عیسیٰ خیل اور اس کے ملحقہ علاقوں کی ایک لاکھ 80 ہزار آبادی گیس کی سہولت سے مستفیدہوگی اور اس منصوبے کیلئے 58کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی ۔

بعد ازاں 30 کروڑ روپے کی لاگت والے گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہعیسیٰ خیل آمد پر بے حد خوشی ہے، یہاں سوئی گیس کا منصوبہ 230کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے، یہ پنجاب کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، یہ میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی محنت کا نتیجہ ہے، یہ آپ کی ہم سے محبت کے اثرات ہیں، سینکڑوں ارب روپے کے موٹروے کا منصوبہ جو عیسیٰ خیل سے ڈیرہ اسماعیل خان تک جاتا ہے علاقہ کی تقدیر بدل دے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013 میں برسراقتدار آنے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ان پانچ سال میں اتنے ترقیاتی کام کرائے جتنے 2013 سے پہلے 65 سال میں نہیں ہوئے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دھرنوں، مشکل حالات کے باوجود کام کرائے اور سیاسی سازشوں کا مقابلہ کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف کی کارکردگی کا اعتراف دیگر صوبے کے عوام بھی کررہے ہیں، یہ ثمرات جمہوریت کے مرہون منت ہیں، مسلم لیگ (ن) شائستگی کی سیاست کرتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ خیبرپختون خوا سمیت چاروں صوبوں کی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کاموں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ،ْباقی صوبوں کے عوام پنجاب کو رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور شہباز شریف جیسا وزیراعلیٰ چاہتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئندہ ماہ ہونے والے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس جماعت اور شخص کا ایک رکن صوبائی اسمبلی بھی نہیں وہ سینیٹر کیسے بن سکتا ہے، لوٹ کھسوٹ، ضمیر فروشی اور ووٹ خریدنے کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں، ایسی سیاست کے خلاف جہاد کرکے اسے ختم کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ ضمیر خرید کر سینیٹ میں آنے والے لوگوں کا مقابلہ کرے گی کیونکہ ہارس ٹریڈنگ اور ووٹ خرید کر سینیٹر بننے والا ملک و قوم کی نمائندگی نہیں کرسکتا، عوام فیصلہ کریں کہ کام کرنے والوں کو ووٹ دینا ہے یا گالیاں دینے والوں کو۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت مزاحمت کے باوجود کام کرتی رہی، جولائی 2018کے بعد ہم انشاء اللہ دوبارہ حکومت میں آئیں گے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چترال سے گوادر تک منصوبے لگ رہے ہیں، گیس، بجلی، اسپتال، صنعتیں لگ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا تمام منصوبے نواز شریف اور نون لیگ کا تحفہ ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایگری ٹیک کو نواز شریف نے مہربانی کرتے ہوئے بحال کیا، اگلے ماہ ایگری ٹیک کو گیس ملے گی، ہماری حکومت جب آئی تو سالانہ 10لاکھ ٹن کھاد درآمد کی جاتی تھی جبکہ اب ہم نے 6لاکھ ٹن کھاد ہم نے برآمد کی، خیبرپختونخوا کی حکومت نے بجلی کے کارخانہ لگانے کیلئے ہم سے گیس مانگی، ہم نے 100ملین کیوبک فٹ گیس خیبرپختونخوا حکومت کو دی، جس سے کئی ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے، آج 4سال گزرنے کے باوجود کے پی کے میں ایک بجلی کا منصوبہ شروع نہ کیا جا سکا، دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے درآمدی گیس سے 3600میگاواٹ کا بجلی کا کارخانہ لگ چکا ہے اور بجلی بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو خط لکھا کہ آپ کو 100ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی کے باوجود بجلی پیدا نہیں کر رہے جبکہ دوسری جانب ایگری ٹیک کو 28ملین کیوبک فٹ گیس چاہیے، جب تک آپ کا بجلی کا کارخانہ نہیں لگتا یہ گیس آپ ایگری ٹیک کو دے دیں،مجھے 4سال سے خط کا جواب نہیں آیا، مجھے نیب میں گھسیٹے جانے اور عدالت میں لے جانے کی دھمکی دی گئی، یہ گیس مزدوروں کا حق ہے، کے پی کے حکومت اگر آج خط لکھ دے کہ جب تک ہمارا منصوبہ نہیں لگتا تب تک یہ گیس ایگری ٹیک کو دے دی جائے، ایگری ٹیک کو گیس ہر قیمت پر ملے گی چاہے کے پی کے حکومت خط لکھے یا نہ لکھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موٹرے کا انٹرچینج ضرور بنے گا، یہ علاقے کی ضرورت ہے، انشاء اللہ آپ کو میڈیکل بھی دیا جائے گا، یہ ہماری حکومت کی پالیسی ہے کہ جس علاقے سے گیس نکلتی ہے اس کے 5کلو میٹر کے علاقہ میں آبادیوں کو فوری گیس فراہم کی جائے گی، موٹروے میانوالی اور عیسیٰ خیل کی تاریخ کو بدل دیگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انڈسٹریل زون بنا رہی ہے، اس کے اہل علاقہ کو روزگار ملے گا اور کاروبار کے مواقعے پیدا ہوں گے، پانی کی اسکیموں کے اہل کاروں کی تنخواہوں کے معاملے کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مشاورت کر کے حل کرانے کی کوشش کروں گا، جمہوریت کا سفر پاکستان کی ترقی کا سفر ہے، جمہوریت اور پاکستان کی ترقی ایک دوسرے سے منسلک ہیں، امید ہے عبیداللہ شادی خیل اور نواز شریف آئندہ انتخابات میں آپ کے ووٹ کے حق دار ہو ہونگے۔