سعودی شہری نے فارم تنازع پرایک ساتھی قتل دوسرے کو زخمی کردیا

قاتل کو ہتھیاروں سمیت حراست میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی

ہفتہ 10 فروری 2018 11:50

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2018ء) سعودی عرب کے شہر الاحساء میں یک فارم پر ہونے والے تنازع کے باعث ایک شخص نے دو افراد کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں ایک کسان ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مشرقی علاقے کے پولیس کے ترجمان کرنل زیاد الرقیطی نے بتایا کہ پولیس کو الاحساء گورنری میں ایک شخص کی فائرنگ میں دوسرے کی ہلاکت کی خبر ملی۔

پولیس فوری طورپر موقع پر پہنچ گئی جہاں تیس سالہ ایک شخص نے کھیت پر ہونے والے تنازع کے باعث دو افراد کوگولیاں ماری تھیں۔ ان میں سے ایک شخص گولیاں لگنے سے ہلاک اور دوسرا شدید زخمی تھا۔ زخمی شہری کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ قاتل کو اس کے ہتھیاروں سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔