پیپلزپارٹی تنہا انتخابی میدان میں اترے گی-بلاول بھٹو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 10 فروری 2018 11:29

پیپلزپارٹی تنہا انتخابی میدان میں اترے گی-بلاول بھٹو
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 فروری۔2018ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات پیپلزپارٹی تنہا لڑے گی، الیکشن کے بعد اتحاد کی بات ہو سکتی ہے ‘کراچی میں تھوڑی بہتری آئی ہے مزید بھی آجائے گی۔واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے انڈرپاس، سڑکیں بنائیں، وفاق بھی کراچی پر توجہ دے مشرف دور میں کراچی کو خصوصی پیکج دیا جاتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ہمیں بتائے کہ اس کا کیا منصوبہ، کیا اسٹریجی ہے؟ کیا امریکا ہمیشہ افغانستان میں رہے گا؟ اور کیا افغانستان پرامن ہوگا تو پاکستان پررامن ہوگا، اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے الزام تراشی نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 4 سال سے پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، جس کی و جہ سے دنیا کے سامنے اپنا موقف موثر انداز میں پیش نہیں ہو سکا۔

بلاول نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں جبکہ امریکا کے سکولوں میں بھی دہشت گردی کےواقعات ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی عالمی مسئلہ ہے، ہمیں مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا، یہ ایک طویل مدتی جنگ ہے جبکہ موجودہ صورتحال بہت خطرناک ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہورہا۔