پاکستان اور عمان کے مابین ہوائی پروازوں کا تاریخی اضافہ

ہفتہ 10 فروری 2018 11:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2018ء) پاکستانی سفیرِ برائے عمان جناب علی جاوید نے سلام ائیر کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن محمد احمد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے پاکستان اور عمان کے درمیان ہوائی پروازوں کے متعلق تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاکستانی سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے شہر ملتان میں سلام ائیر کی جانب سے جاری نئی کامیاب پروازوں کی تعریف کی خوشی کے اس موقع پر کیک کاٹا گیا ۔

سلام ائیر کی مسقط سے ملتان کی فلائیٹ کے آغاز پر ہونے والے زبردست ردِعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیپٹن محمد احمد نے کہاکہ سلام ائیر کی پاکستان میں پروازوں کو مزید فروغ دینے کے لئے پٴْرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

علی جاوید نے یکم دسمبر 2016 کو تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب 'پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز' پی آئی اے نے صلالہ کے ساتھ براہِ راست پروازوں کا سلسلہ جاری کیا تھا۔

صلالہ سلطنتِ عمان کے دارالحکومت مسقط سے 1100 کلومیٹر کی دوری پر جنوب میں واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی سفر کے لیے استعمال ہونے والی تمام ائیرلائنز میں 'سلام ائیر' ایک اہم اور شاندار اضافہ ہے۔ سلام ائیر نی8 فروری 2018 سے مسقط سے ملتان ، ہفتہ وار 3 پروازوں کا سلسلہ شروع کیاہے۔ اس کے علاوہ سلام ائیر پہلے ہی 16 مئی 2017 سے کراچی اور سیالکوٹ کی جانب ہفتہ وار 3، 3 پروازیں روانہ کرتا ہے۔

پاکستانی سفیر علی جاوید نے مزید کہا کہ ائیر سروسز سیکٹر میں غیر معمولی اور بے مثال تعداد میں پروازوں کا تبادلہ دونوں ملکوں کی تاریخ میں اپنے بلند ترین مقام پر ہے مسقط سے ملتان کی فلائٹس دونوں ممالک کے مسافروں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا اور اس مطالبے کو عملی جامہ تب پہنایا گیا جب یکم دسمبر، 2017 کو پاکستان کی ایک نجی ہوائی سروس 'شاہین ائیرلائن نے ملتان اور مسقط کے درمیان پروازوں کا باقائدہ آغاز ۔

سلام ائیر سلطنتِ عمان میں قائم کردہ ایک نئی اور 'کم لاگت ائیرلائن' ہے جو کہ پاکستان اور عمان کے درمیان ہفتہ وار کٴْل 67 پروازوں میں سے 9 پروازوں کا تبادلہ کرے گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ہفتہ وار 'عمان ائیر کی 30، 'سلام ائیر' کی 9 پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز' پی آئی اے کی 16، 'شاہین ائیر' کی 10 اور 'ائیر بلیو' کی 2 پروازوں کا تبادلہ ہوتا ہے۔سفیرِ پاکستان علی جاوید نے مزید کہا کہ یہ ائیر سروسز دونوں برادرانہ ممالک اور عوام کے درمیان دوستی سیاحت اور لوگوں کے دو طرفہ تبادلے کو فروغ دینے میں نہایت موثر اور مفید اقدام ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی ،تجارت اور بھائی چارہ مزید مضبوط اور مٴْستحکم ہو گا۔

متعلقہ عنوان :