نئی عمارت کے ساتھ پرانی عمارت کی تعمیر نو اور تزئین کا کام شروع کرنا اچھا اقدام ہے‘ گورننگ باڈی آرٹس کونسل کراچی

جمعہ 9 فروری 2018 22:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی نے اوپن ایئر تھیٹر سمیت آرٹس کونسل کی پرانی عمارت اور اندرونی احاطے کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا کام شروع ہونے پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی کوششوں کوتعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی عمارت کے ساتھ پرانی عمارت کی تعمیر نو اور تزئین کا کام شروع کرنا اچھا اقدام ہے، اس سے آرٹس کونسل کی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورننگ باڈی کا اجلاس صدر محمد احمد شاہ کی صدارت میں آرٹس کونسل میں منعقد ہوا جس میں نائب صدر اطہر وقار عظیم سیکریٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، جوائنٹ سیکریٹری قدسیہ اکبر، خازن شہناز صدیقی سمیت گورننگ باڈی کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے کی منظوری کے علاوہ دیگر امور اور آرٹس کونسل کی ترقی اور مزید بہتری کے لئے فیصلے کئے گئے اور مزید اقدامات پر بھی غور کیا گیا جبکہ گزشتہ ماہ منعقد ہونے والی کامیاب عالمی اردو کانفرنس اور یوتھ فیسٹیول کے انعقاد پر بھی انتظامیہ خصوصاً صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی تعریف اور مبارکباد دی گئی۔

صدر نے گورننگ باڈی کو بتایا کہ نئی عمارت کا مارچ میں یوم پاکستان کے موقع پر افتتاح کیا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ہی ورلڈ بینک کے تعاون سے آرٹس کونسل کی پرانی عمارت کی تعمیر نو اور تزئین کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جس کی تزئین کے بعد اس میں تمام اکیڈمی منتقل کی جائیں گی اور یہ عمارت صرف اور صرف تعلیمی تربیتی مقاصد کے لئے استعمال کی جائے گی۔

پرانی عمارت اور نئی عمارت میں یکسانیت پیدا کرنے کے لئے وہی ڈیزائن اوررنگ پرانی عمارت کا بھی ہوگا جو نئی عمارت کا ہے جبکہ عمارت کا اندرونی حصے کی تزئین اور تعلیم و تربیت کے مناسبت سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ائیر تھیٹر کی تعمیر نو کا کام بھی شروع کردیا ہے، اسٹیج سمیت تمام سیمنٹ کی کرسیوں کوتبدیل کیاجائے گا جبکہ فرش کی تعمیر نو بھی کی جائے گی۔

اوپن ایئر تھیٹرشہر کا سب سے بڑا تھیٹر ہے اس کو خوبصورت اور وقت کے تقاضوں مطابق بنایاجائے گا۔ گورننگ باڈی کو بتایا گیا آرٹس کونسل کے اندرون احاطے کو بھی خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، ایک معیاری کافی شاپ، گل رنگ کی تعمیر نو اور تمام اندرون احاطے کی تعمیر نو جہاں فوارے، لینڈ اسکیپ پھول اور پودے لگائے جارہے ہیں۔ گورننگ باڈی نے احمد شاہ کی خدمات کوسراہا۔

متعلقہ عنوان :