سیف سٹی پراجیکٹ جدیدٹیکنالوجی کا شاہکار منصوبہ ہے ، آئی جی پنجاب

جمعہ 9 فروری 2018 22:37

سیف سٹی پراجیکٹ جدیدٹیکنالوجی کا شاہکار منصوبہ ہے ، آئی جی پنجاب
لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوازخان نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ جدیدٹیکنالوجی کا شاہکار منصوبہ ہے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے ، عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اور ٹریفک مینجمنٹ کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ سے بھرپور استفادہ کیا جائے جبکہ جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پٹرولنگ فورسز ڈولفن ، پیرو اور ناکوں پر ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کی ورکنگ کو بھی مانیٹر کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شفٹوں میں ایس پی رینک کے افسران کیمروں کی مانیٹرنگ کے ذریعے فیلڈافسران کولمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھیںتاکہ جرائم پیشہ اور نقص امن کا باعث بننے والوں کے خلاف فوری اور بروقت کاروائیاں کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈی آئی سی تھری اور لاہور پولیس کے افسران مل بیٹھ کر سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز Key Performance Indicators)) مرتب کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ آئی سی تھری کی ورکنگ کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میںسی سی پی او لاہور محمد امین وینس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب فاروق مظہر، ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ڈاکٹر حیدر اشرف ،ایس ایس پی ایڈمن لاہور رانا ایاز سلیم ،سی ٹی او لاہور رائے اعجازاحمد اورایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن سمیت لاہور پولیس کے تمام آپریشنل اینڈ انویسٹی گیشن ایس پیز بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ڈی آئی جی علی عامر ملک نے آئی جی کوسیف سٹی پراجیکٹ کی حالیہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جدید پولیسنگ کے تقاضوں کے مطابق شاہراہوں پر لگائے گئے کیمروں کے ذریعے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے بالخصوص سٹریٹ کریمنلز کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے حامل دیگر تمام پراجیکٹس کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت اور جرائم پیشہ عناصر کی فوری سرکوبی کو یقینی بنانا ہے لہذا پولیس افسران دور حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر ان جدید پراجیکٹس سے استفادہ کرتے ہوئے پولیسنگ کے معیار کو بہتر سے بہتر بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ ڈیسک پراجیکٹ کی ورکنگ پر بطور خاص توجہ دی جائے اور فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے عملے کی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران انکی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے انکے فرائض کی ادائیگی کے بارے ہفتہ وار بریفنگ بھی دیا کریں اور ان کی کارکردگی رپورٹ بھی چیک کریں ۔

اس موقع پر آئی جی کو لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر پانچ شہروں میں جاری سیف سٹی پراجیکٹس کی تکمیل کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مد نظر شروع کئے گئے ان تمام منصوبوں کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :