ضلع کو ہم صحت ،تعلیم،سڑکات ،پینے کا صاف پانی اور کھیل کے میدان میں ترقی پذیر بنانے میں حقیقی معنوں میں کوشاں ہیں ، رانا سکندر حیات

جمعہ 9 فروری 2018 22:23

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2018ء) چیئر مین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ضلع قصور کو ہم صحت ،تعلیم،سڑکات ،پینے کا صاف پانی اور کھیل کے میدان میں ترقی پذیر بنانے میں حقیقی معنوں میں کوشاں ہیں اور قصور کو کروڑوں روپے کے بجٹ سے ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں،اور انشاء اللہ2018میں بلدیاتی آرڈیننس میں بہتری آرا اور مشوروںسے تبدیلی لا کر تمام وائس چیئر مینوں اور کونسلروں کو مساوی حقوق دلوانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ ہم سب ملکر قصور کے عوام کی خدمت کر سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل کے جناح ہال میں وائس چیئر مین اور کونسلرز کے بلائے جانے والے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ،اس موقع پر کنوینئر اجلاس سردار عذیر احمد،اور سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد بھی موجود تھے ،اجلاس میں موجود متعدد وائس چیئر مین نے چیئر مین ضلع کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وائس چیئر مینوں کا اجلاس طلب کرکے ایک احسان عظیم کیا ہے کیونکہ جب سے وہ منتخب ہوئے ہیں ان کی ضلع کونسل ہال میں پہلی شرکت ہے ،اس موقع پر اجلاس میں فیض بخاری ،منیر احمد ایڈووکیٹ،سردار فیصل ،حافظ عبدالرحیم،رانا محمد زبیر ،جمال دین ڈوگر،محمد زبیر کاظمی و دیگر نے اپنی تجاویز اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل کی طرف سے جو یونین کونسلز کے چیئر مینوں کو فنڈز دیئے گئے ہیں ان میں وائس چیئر مینز کی کوئی مشاورت نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ چیئر مین اور وائس چیئر مین یونین کونسل ایک ہی بیلت پیپر پر کامیاب ہوئے ہیں مگر وائس چیئر مین کے پاس یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی کاموں میں کوئی مشاورت نہیں کی جاتی ،چیئر مین ضلع کونسل قصور نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا سسٹم کمزور ہونے کے باوجود ہم نے اپنے وائس چیئر مینوں کے ہمراہ ضلع کا سارا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا ہے ،انہوں نے کہا کہ جس طرح چیئر مینوں کو اعزازیہ ملتا ہے وائس چیئر مینوں کو بھی اعزازیہ دلانے اور مل جل کا کام کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ ان حالات میں میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ۔