پاکستان اور مالدیپ کے درمیان خوشگوار، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی قریبی تعلقات ہیں، پاکستان دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا سلسلہ جاری رکھے گا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد عاصم سے گفتگو

جمعہ 9 فروری 2018 22:01

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان خوشگوار، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وہ مالدیپ کے صدر کے خصوصی نمائندہ کے طور پر پاکستان کے سرکاری دورہ پر آئے ہوئے ہیں، ان کا دورہ 8 فروری سے 10 فروری تک ہے۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو مالدیپ میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے خطہ میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کیلئے مالدیپ کی جانب سے تعاون کے عزم اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان خوشگوار، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی قریبی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ نے مالدیپ کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعاون پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے دورہ پاکستان کے موقع پر گرمجوشی سے استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔