وزیراعلیٰ پنجاب سے سردار ایاز صادق اورخواجہ سعد رفیق کی ملاقات، سینیٹ الیکشن، سیاسی امور اور ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر ریلویز کی منصوبوں میں 682 ارب روپے کی بے مثال بچت پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد

جمعہ 9 فروری 2018 21:53

وزیراعلیٰ پنجاب سے سردار ایاز صادق اورخواجہ سعد رفیق کی ملاقات، سینیٹ ..
لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن، سیاسی امور اور ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر ریلویز نے منصوبوں میں 682 ارب روپے کی بے مثال بچت پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کررہے ہیں ۔ وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔ترقیاتی منصوبوں میں شفاف پالیسی اپنا کر اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ ترقیاتی منصوبے معیار اور شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبوں میں 682ارب روپے کی بچت کرکے ملک کی تاریخ میں نیا ریکار ڈ قائم کیا گیا ہے۔

صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر اور کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پر روزانہ لاکھوں افراد سفر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے زبانی جمع خرچ کی بجائے ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیںبلکہ عوام کی عملی خدمت سے آتی ہے۔

پنجاب آج ترقی کے میدان میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ تبدیلی کے نام نہاد دعویداروں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ دوسروں پرتنقید کرنے والوں کی اپنے صوبے میں کارکردگی صفر ہے ۔ان عناصر نے صرف اور صرف بے بنیادِ الزامات،جھوٹ اور منفی سیاست کی ہے۔ ساڑھے چار سال میں جھوٹ، الزامات اور یو ٹرن لینے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے۔عوام کھوکھلے نعروں اور منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں یکسر مسترد کر دیں گے۔

عوام کی خدمت مشن ہے اور یہ ہمیشہ جاری رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انتھک محنت سے فلاح عا مہ کے منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔ شہبازشریف نے بے مثال ترقیاتی کام کرا کر صوبے کا نقشہ بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ شہبازشریف نے اپنی محنت کے ذریعے صوبے کو ترقی یافتہ بنا دیا ہے۔