قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی آصف زرداری سے ملاقات

پی ٹی آئی کی حکومت ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،فیصل کریم کنڈی

جمعہ 9 فروری 2018 21:49

قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی آصف زرداری سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جب کوئی دہشتگردی کا شکار ہوتا ہے تو اس کا درد پاکستان پیپلزپارٹی کو ہوتا ہے کیونکہ پیپلزپارٹی نے دہشتگردی کا سامنا بھی کیا ہے اور مزاحمت بھی کی ہے۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے پی کے جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی نے سابق صدر سے ملاقات کرکے رپورٹ دی کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مقامی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت اس ٹارگٹ کلنگ پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ آج تک کسی ٹارگت کلر کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ دے کر ان سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ان غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور درد کو محسوس کرتی ہے جن کے پیاروں کو بے گناہ قتل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لاتی مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنی ذمے داری نہیں نبھائی۔ آصف علی زرداری نے فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کی کہ وہ غمزدہ خاندانوں کی قانونی اور اخلاقی مدد کریں۔ آصف علی زرداری نے ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر سابق وزیرداخلہ اور داخلہ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین رحمن ملک نے پارٹی صدر کو بتایا کہ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے واقعات کا ازخود نوٹس لے کر آئی جی پولیس کے پی اور ہوم سیکریٹری سے رپورٹ طلب کی ہے۔