وفاق ملک کی تمام اکائیوں کے مسائل کے حل کیلئے برابری کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے ،سکندرشیرپائو

پختون قوم پی ٹی آئی کی نااہلی کا خمیازہ صوبہ کودرپیش بحرانوں کی شکل میں بھگت رہے ہیں،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 9 فروری 2018 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت مایوسی کا شکار ہیں اور ان میں شدید بے یقینی پائی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل شبقدر کے علاقہ اٹکی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں حاجی محمد رحیم ملک،حاجی کریم اللہ ملک،حاجی حنیف اللہ ملک،طارق ملک،اشتیاق ملک،نیاز اللہ ملک،بلال خان،عبداللہ،انس احمد ملک،جواد خان،جان عالم اور کاشف خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

خیبر پختونخوا میں پائی جانے والی مایوسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکندر شیرپائو کہا کہ حکومت چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے اور ان کو بھرپور ریلیف دے کر ان کی مایوسیوں کا ازالہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وفاق ملک کی تمام اکائیوں کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے برابری کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے تاکہ چھوٹے صوبوں میں پائی جانے والی محرومی و مایوسی کا خاتمہ ہو سکے بصورت دیگر صوبوں کے مابین غیر منصفانہ پالیسیوں کی بدولت پہلے سے موجود مایوسی میں مزیداضافہ ہو گا ۔

انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کوامن و امان کی تشویشناک صورتحال ،پسماندگی و بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انھیں صوبہ کے بڑھتے ہوئے مشکلات کا ذمہ دار ٹہرایا اور کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ سمیت صوبہ کے مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور پختون قوم پی ٹی آئی کی نااہلی کا خمیازہ صوبہ کودرپیش بحرانوں کی شکل میں بھگت رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کسی بھی صورت صوبہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے حق اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی۔سکندر شیرپائو نے پختون قوم کیلئے حیات شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی زندگی غریب اور پسے ہوئے طبقات کیلئے وقف کررکھی تھی ۔انھوں نے کہا کہ حیات شہید نے غریب عوام میں سیاسی شعور اجاگر کیا اور انھیں اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے کے قابل بنایا۔

متعلقہ عنوان :