پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے اجمل خٹک کی خدمات ہماری تاریخ کا روشن باب ہے ، اسفندیار ولی

مرحوم باچا خان بابا کے سچے پیروکار اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے وفادار دست راست تھے

جمعہ 9 فروری 2018 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اجمل خٹک مرحوم پاکستان اور بین الاقوامی دانشور اور ایک انقلابی سیاستدان کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے، پختونوں کے حقوق کے حصول اور پشتو زبان و ادب کیلئے ان کی خدمات ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ، مرحوم باچا خان بابا کے سچے پیروکار اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے وفادار دست راست تھے اور مرتے دم تک اپنے اصولوں اور نظریات پر ثابت قدم رہے ،ان کی انقلابی شاعری نے پختونوں کو نئی بیداری اور اپنی قوم اور مٹی کے حوالے سے ایک نئی فکر و نظر سے روشناس کرایا ہے،انہوں نے کہا کہ مرحوم کے افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ پختون اپنے ان محسن اکابرین کے فکرو فلسفہ پر عمل پر عمل پیرا ہو کر حقوق کے حصول میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں،اجمل خٹک کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ان کی زندگی کے کئی پہلو تھے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اجمل خٹک نے نچلے طبقے سے سیاست کا آغاز کیا اور ہر قسم کی ذہنی و جسمانی صعوبتوں سے گزرے اور طویل عرصہ تک پابند سلاسل رہے، مگر اپنے اصولوں اور نظریات پر ڈٹے رہے، انہوں نے کہا کہ امن و قوم پرستی کے فروغ کیلئے مرحوم اجمل خٹک کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پختونوں کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے اجمل خٹک کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجمل خٹک کی سیاسی ، ادبی اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اجمل خٹک نے بچپن سے ہی برطانوی راج سمیت ہر قسم کی غیر جمہوری قوتوں کے خلاف جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا، تمام پختونوں اور خصوصاً نوجوانوں کو اجمل خٹک کے افکار و جدوجہد سے سیکھنا چاہیے کہ معاشی تنگدستی کے باوجود اُنہوں نے قومی خدمات کے حوالے سے ایک مثالی کردار ادا کیا۔