جامعہ کراچی،نیکٹا کے سربراہ کی وائس چانسلر سے ملاقات

دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے ، نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اتھارٹی کا اس میں ایک بہت کلیدی کردار رہاہے ،ڈاکٹر محمد اجمل خان

جمعہ 9 فروری 2018 21:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اتھارٹی(نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر/ سربراہ احسان غنی نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان سے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی دوران ملاقات شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے اور نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اتھارٹی(نیکٹا) کا اس میں ایک بہت کلیدی کردار رہاہے اور امید ہے کہ جامعات کے طلباوطالبات کو اپنا کردار اداکرنے کا اور زیادہ موقع ملے گا اور وہ ملک سے دہشت گردی کے واقعات کو ختم کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار اداکریں گے ۔

شیخ الجامعہ نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے سیمینارز اور لیکچر ز آئندہ بھی ہوتے رہیں گے تاکہ طلباوطالبات کے اندر شعور وآگاہی پھیلے کہ نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اسٹرٹیجی کے تحت انہیں اپنا کردار کس طرح سے اداکرناہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں نیشنل کائونٹر ٹیرارزم اتھارٹی(نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر/ سربراہ احسان غنی نے جامعہ کراچی کے دفترمشیر امورطلبہ کے زیر اہتمام اور فارمیسی سیمینار کلب کے اشتراک سے کلیہ علم الادویہ کی نئی عمارت کے لیکچر ہال میں منعقدہ لیکچر بعنوان: ’’امن اور برداشت‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برداشت ایک معاشرے کو بہتر بناتی ہے اور اب ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں کامیاب ہوچکے ہیں بس کچھ چیزیں باقی ہیں جس کو ختم کرنے کے لئے ہمیں کام کرنا پڑے گا۔

میں یونیورسٹی کے طلباوطالبات کے پاس اس لئے آیاہوں کہ وہ اپنا کردار اداکریں اور اب جو دہشت گردی کی کچھ جڑیں ملک میں باقی ہیں اس کو ختم کرنے کے لئے جامعات کے طلباوطالبات کو آگے آناہوگا۔انہوں نے عدم برداشت اور برداشت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کس طرح سے عدم برداشت معاشروں میں بگاڑ پیداکرتی ہے اور برداشت کے کلچر کو فروغ دے کر ہی ہم ایک پر امن معاشرے کی تشکیل کرسکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میںانہوں نے میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا ایک کلیدی کردار ہوتاہے ،میڈیا کو سنسنی پھیلانے کے بجائے اپنی رپورٹنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔میڈیا کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیئے،اگر میڈیا دہشت پھیلانے میں معاونت کریں توان کا بھی احتساب ہونا چاہیئے۔میں ملک کی 35 نامور جامعات میں جانے کا ارادہ رکھتاہوں تاکہ طلبہ کی رائے لے کر انسداد دہشت گردی کے لئے اقدامات اور پالیسی وضع کی جائے۔

اس موقع پر مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ طلبہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور جامعہ کراچی کا ہر طالب علم ردالفسادکا سپاہی ہے اور معاشرے سے دہشت گردی کا خاتمہ دیکھنا چاہتاہے۔لیکچر کے اختتام پررئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لیکچر کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے طلباوطالبات میں شعور وآگاہی پیداہوگی اور چیئرمین نیکٹا کا یہ لیکچر طلباوطالبات کے لئے بہت مفید ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :