کراچی،ڈیرہ میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ واقعات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 9 فروری 2018 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2018ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے پے درپے واقعات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کے شرکائنے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر صوبائی حکومت کی نااہلی کیخلاف اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کے حق میں نعرے درج تھے، احتجاجی مظاہرے کے شرکائے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، ناصر حسینی اور میر تقی ظفر نے کہا کہ کے پی کے حکومت بالخصوص ڈیرہ پولیس حالات کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے،ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے پے در پے واقعات نے صوبائی حکومت کے گڈ گورننس اور مثالی پولیس کی تشکیل کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے،گذشتہ چند ہفتوں میں متعدد جوان بے دردی سے قتل کردیئے گئے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں قاتلوں کی واضح شناخت کے باوجود ایک بھی قاتل اب تک قانون کی گرفت میں نا آنا باعث تشویش ہے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے مزید کہاکہ حکومتی بے حسی سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ڈیرہ اسماعیل میں مارے جانے والے نا ہی اس ملک کے شہری ہیں اور ناہی انسان،سپریم کورٹ ڈیرہ میں گرتی لاشوں پر سوموٹو ایکشن لے،ڈیرہ کو سوچی سمجھی سازش کے تحت 2008-9 والے حالات کی طرف دھکیلا جارہا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں ہے، چندتکفیری عناصر حالات خراب کر رہے ہیں،شہر میں لاشیں گر رہی ہیں اور پی ٹی آئی کی حکومت شہر میں جشن اور رقص کی محفلیں سجا رہی ہے،چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف فی الفور ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیں اور دشت گردوں کے خلاف شہر میں بلاتفرق آپریشن کرکے دشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔#

متعلقہ عنوان :