بھارت سے آزادی کی خاطر وہلی کی تہاڑجیل میں پھانسی کے پھندے کو گلے لگانے والے کشمیری حریت پسند ڈاکٹر افضل گورو کی 5ویں برسی مقبوضہ کشمیر کی طرح آزاد کشمیربھر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں قومی جوش و جذبے سے منائی گئی

آزاد خطہ میں برسی کی سب سے بڑی تقریب سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ہوئی شہید افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سنٹرل پریس کلب سے برہان وانی چوک تک ریلی نکالی گئی

جمعہ 9 فروری 2018 20:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2018ء) بھارت سے آزادی کی خاطر وہلی کی تہاڑجیل میں پھانسی کے پھندے کو گلے لگانے والے کشمیری حریت پسند ڈاکٹر افضل گورو کی پانچویں برسی مقبوضہ کشمیر کی طرح آزاد کشمیربھر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں قومی جوش و جذبے سے منائی گئی ۔ آزاد خطہ میں برسی کی سب سے بڑی تقریب سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ہوئی ۔

جہاں بعدازاں شہید افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سنٹرل پریس کلب سے برہان وانی چوک تک ریلی نکالی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز عظیم کشمیری حریت کانفرنس رہنماء افضل گورو شہید کی پانچویں برسی مقبوضہ کشمیر کی طرح آزادکشمیر ، پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں پوری قومی جوش و جذبے سے منائی گئی اور اس عہد کی تجدید کی گئی کے شہیدکی قربانیوں کو رائیگان نہیںجانے دیا جائے گااور بھارتی تسلط سے مقبوضہ کشمیر کو آزادی دلائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام سنٹرل پریس کلب میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لبریشن سیل ادریس عباسی نے کہا کہ افضل گوروکی پھانسی عدالتی قتل اور بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ تھا ۔ افضل گورو کے کیس میں عدالت نے سماعت کے آئینی تقاضے پورے نہیں کئے اور محض بھارتی عوام کو مطمئن کرنے کے نام پر ایک پڑھے لکھے اور پرامن کشمیر ی کو پھانسی دیدی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ افضل گورو کا جسد خاکی ورثا کے حوالے نہ کر کے بھارت نے اخلاقی دیوالیہ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نوجوان نسل میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے سکولوں کے نصاب میں مضامین جبکہ ڈگری کلاسوں میں علیحدہ مطالعہ کشمیر پڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی حمایت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو سبکی کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی پشت پرکھڑی ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے کہا کہ پانچ فروری کو پوری پاکستانی قوم نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے کشمیریوں کی تحریک آزاد ی کو تقویت پہنچائی ہے ۔ انہوں نے تحریکی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں کشمیر لبریشن سیل کی کارکردگی کس سراہا ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید مقبول بٹ، شہید افضل گورو کے جسد خاکی ورثا کے حوالے کئے جائیں ۔ حزب المجاہدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شمشیر خان نے کہا کہ افضل گورو شہید ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر تھے وہ اچھی نوکری حاصل کر کے آرام دہ زندگی گزار سکتے تھے مگر انہوں نے عظیم مقصد کے لئے دنیا کی تمام آسائشوں کو ٹھکرا دیا انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی طاقت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دی سکتی اب بچہ بچہ مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید بنے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور دشمن کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔جموں وکشمیر ہیومن رائٹس جسٹس پارٹی کے چیئرمین مشتاق الاسلام نے کہا کہ افضل گورو کی جدوجہد نے تحریک آزادی کو نقطہ عروج تک پہنچایا ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ ایک مردہ گھوڑا ہے جس نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے کچھ نہیں کیا ڈی جی لبریشن سیل فدا کیانی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔

بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبے آزادی کو سرد نہیں کر سکتے ۔ تقریب سے حریت رہنما شعیب شاہ ، بابربشیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے آخر میںریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہوکر برہان وانی چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکاء ریلی نے بھارت سے آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔