پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کو ریاض سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا

جمعہ 9 فروری 2018 18:57

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کو ریاض سعودی عرب میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کو ریاض سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میںجنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان، چیف آف جنرل سٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز نے سعودی حکومت کی طرف سے پاک فضائیہ کے سربراہ کو یہ ایوارڈعطا کیا۔

یہ ایوارڈ پا ک فضائیہ کی جانب سے رائل سعودی فضائیہ کو مختلف شعبہ جات میں بھرپور تعاون فراہم کرنے اور بالخصوص ائیرچیف مارشل سہیل امان کی دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میںدی جانے والی شاندار خدمات کے اعتراف میں عطا کیاگیا ہے۔ قبل ازیں ائیر چیف نے جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان، چیف آف جنرل سٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ائیر چیف نے پاکستان میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ ایوی ایشن کے میدان میں موجود تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔ جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ میں ائیر چیف کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور اسے دنیا کی دوسری فضائی افواج کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔

بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل سعودی ائیر آپریشنز سنٹر ریاض میں میجر جنرل محمد بن صالح العطیبی سے ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں فضائی افواج کے درمیان بیمثال باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اوررائل سعودی فضائیہ کو اپنے ملک میں ملٹری اور ہوابازی کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی۔ رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر نے دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے دی گئی خدمات پر پاک فضائیہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور پاک فضائیہ کے سٹاف کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ۔

ائیر چیف نے سعودی عرب کی وزارت دفاع کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد عبداللہ العیش سے ملاقات کی ۔سعودی نائب وزیر دفاع نے رائل سعودی فضائیہ کے سا تھ پاک فضا ئیہ کے دیر پا تعاون پرپاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کی خدمات کو سراہا۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر تک ایک ساتھ رہیں جہاں انہوں نے باہمی دلچسپی اور دو طرفہ دفاعی امور پر گفتگو کی ۔ ائیر چیف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔