فلسطین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی ممالک کو تعاون کرنا چاہئے‘وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ

پاکستان فسلطینی عوام کے ساتھ ہے،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب محمد عامر جان کا رملہ میں پہلی او آئی سی یوتھ کیپٹل سے خطاب

جمعہ 9 فروری 2018 17:20

فلسطین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی ممالک کو تعاون کرنا چاہئے‘وزیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ فلسطین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی ممالک کو تعاون کرنا چاہئے، دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں،فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسرائیل کا غاصب قبضہ ختم کرانے کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے، پاکستان فسلطینی عوام کے ساتھ ہے، پاکستان فلسطینی یوتھ کیلئے ہر تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رملہ میں منعقد ہونیوالی پہلی او آئی سی یوتھ کیپٹل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر کھیل جہانگیرخانزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ فلسطین کو اٹھایا ہے، فلسطین کی آزادی کیلئے پاکستان ہمیشہ ہر پلیٹ فارم پر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب محمد عامر جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مسلم امہ کا اتحاد انتہائی ضروری ہے، پاکستان فسلطینی یوتھ کی رہنمائی کیلئے ہر طرح سے مدد کرے گا، مسلم یوتھ کو مسئلہ فلسطین کی آگاہی کیلئے مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔

چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف کے میڈیا ایڈوائزر ابوبکر عمر (رکن او آئی سی یوتھ سمٹ) نے بھی مسئلہ فلسطین کے فوری حل کیلئے اپنالائحہ عمل پیش کیا۔ اپنے خطاب کے دوران ابو بکر عمر نے کہاکہ محمد شہباز شریف مسلم ممالک کے پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے اس مسئلے پر آواز حق بلند کی۔ پہلی فلسطینی نیشنل یوتھ کونسل کے ساتھ ساتھ القدس الشریف او آئی سی یوتھ کیپٹل کے اراکین کی افتتاحی تقریب میں او آئی سی کے وزراء، سربراہ مملکت اور مسلم ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ یہ پنجاب کیلئے بہت بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ اس مقدس زمین پر وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ، چیف منسٹر پنجاب میاں شہباز شریف کے میڈیا ایڈوائزر ابوبکر عمر (رکن او آئی سی یوتھ سمٹ) اور سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو نوجوانوں کے نمائندگان کے طور پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے منتخب کیا گیا۔القدس الشریف او آئی سی یوتھ کیپٹل 2018 نے فلسطین کے مسئلے کے بارے میں بین الاقوامی بیداری اور فلسطینی نوجوانوں کی ترقی کیلئے ایک سال کے پروگراموں کا آغاز کیا ۔

متعلقہ عنوان :