سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ سعودی عرب، کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ نے نوازا گیا

رائل چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی ، دو طرفہ دفاعی امورپر تبادلہ خیال ایئر چیف مارشل سہیل امان کی رائل سعودی فضائیہ کو ملٹری اور ہوا بازی کی تربیت میں تعاون کی پیشکش

جمعہ 9 فروری 2018 17:18

سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ سعودی عرب، کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو سعودی عرب کی جانب سے کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو ایوارڈ سے نوازا اور میڈل پہنایا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل سہیل امان کی رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل عبدالرحمن بن صالح البنیان سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور دو طرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ایئر چیف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پاکستان میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے رائل سعودی فضائیہ کو اپنے ملک میں ملٹری اور ہوابازی کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ایئر چیف نے سعودی عرب کی وزارت دفاع کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سعودی نائب وزیر دفاع محمد عبداللہ العیش سے ملاقات کی۔سعودی نائب وزیر دفاع نے رائل سعودی فضائیہ کیساتھ پاک فضائیہ کے دیر پا تعاون اور دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے دی گئی خدمات پر ایئر چیف مارشل سہیل امان کی خدمات کو سراہا۔