میٹرو ٹرین منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں‘خواجہ احمد حسان

ڈیرہ گجراں میں 626کنال اراضی پر تعمیر کئے جانیوالے ڈپو کا 86فیصد ،علی ٹائون رائے ونڈ روڈ پر سٹیبلنگ یارڈ کا 87فیصد تعمیراتی کام مکمل

جمعہ 9 فروری 2018 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں،ڈیرہ گجراں میں 626کنال اراضی پر تعمیر کئے جانے والے ڈپو کا 86فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور یہاں مختلف مقاصد کے لئے بنائی جانے والی 19عمارتیں الیکٹریکل و مکینیکل ورکس کے لئے چینی کنٹریکٹرسی آر نورنکو کے حوالے کی جا چکی ہیں،چین سے درآمد کئے جانے والے 9ٹرین سیٹ اور چار لوکو موٹیو بھی یہاں کھڑے کئے گئے ہیں ‘ڈپو کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر اوریہاں سبزہ کاری کا کام عنقریب شروع کیا جا رہا ہے ‘ڈپو کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور آپریشنل کرنے کے لئے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز ڈیرہ گجراں میں ڈپو کے معائنے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔بعد ازاں انہوں نے جی ٹی روڈ پر تعمیر کئے جانے والے پہلے چار سٹیشنوں ڈیرہ گجراں‘اسلام پارک‘سلامت پورہ اور محمود بوٹی کا بھی معائنہ کیا ۔ ان سٹیشنوں کا اوسطاً 95فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور باقی پانچ فیصد اسی ماہ ختم کرنے کے لئے اضافی لیبر لگا دی گئی ہے ۔

خواجہ احمد حسان نے بعد ازاں علی ٹائون رائے ونڈ روڈ پر تعمیر کئے جانے والے میٹرو ٹرین کے سٹیبلنگ یارڈ کا بھی معائنہ کیا جس کا87فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ یہاں اورنج لائن کے لئے دو ٹرین سیٹ کھڑے کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :