ویلج کونسل کوٹنالی کے بلدیاتی نمائندوں نے جرگہ کے بعد اجتماعی استعفے واپس لے لئے

جمعہ 9 فروری 2018 11:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) ویلج کونسل کوٹنالی کے بلدیاتی نمائندوں نے اجتماعی استعفے واپس لے لئے۔ چند روز قبل ویلج کونسل کوٹنالی کے بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو اپنے اجتماعی استعفے دے دیئے تھے۔ اے ڈی لوکل گورنمنٹ کے دفتر میں اس مسئلہ کے حل کیلئے جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔

جرگہ میں مستعفی ہونے والے بلدیاتی نمائندوں، ناظم ویلج کونسل وی سی کوٹنالی بشارت خان اور مقامی لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم ویلج کونسل کوٹنالی بشارت خان نے کہا کہ ویلج کونسل کے نائب ناظم عادل شاہ اور لیڈی کونسلر کے کہنے پر نکے سیّداں میں 6 لاکھ 25 ہزار روپے کی لاگت سے گلی پختہ کی گئی۔

(جاری ہے)

جنرل کونسلر سردار خان کے کہنے پر 6 لاکھ 25 ہزار کے فنڈز سے بانڈی کی گلی کو پختہ کیا گیا۔

یوتھ کونسلر سجاد شاہ کے کہنے پر براں دی بانڈہ کوٹنالی کی گلی کو پختہ کیا گیا، جنرل کونسلر لعل خان اور لیڈی کونسلر کے کہنے پر مونڈی شاہ کوٹنالی میں ایک لاکھ روپے کی واٹر سپلائی سکیم مکمل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسان کونسلر واجب خان کے کہنے پر اڑھائی لاکھ کی لاگت سے پتری کوٹنالی میں پانی کی سکیم مکمل کی گئی، اسی طرح یوتھ کونسلر سجاد شاہ کے کہنے پر بانڈی کوٹنالی میں پانی کی ٹینکی چار لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل کونسلر لعل خان کے کہنے پر کوٹنالی میں مہدی شاہ والی گلی ایک لاکھ کی لاگت سے پختہ کی گئی، جنرل کونسلر ملک اکبر کے کہنے پر دو لاکھ کی لاگت سے بچہ ثانی والی گلی پختہ کی گئی، نائب ناظم عادل شاہ کے کہنے پر دو لاکھ کی لاگت سے نکہ سیّداں کی گلی پختہ کی گئی، اس کے علاوہ 5 لاکھ 32 ہزار کے فنڈز سے کوٹنالی اور گوہرہ کوٹنالی میں گلیاں پختہ کی گئیں۔

بشارت خان نے کہا کہ تمام فنڈز ویلج کونسل کے ممبران کی مشاورت سے خرچ کئے گئے ہیں، ان لوگوں کا مستعفی ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اس موقع پر مقامی عمائدین کی کوششوں کے بعد مستعفی ہونے والے تمام بلدیاتی نمائندوں نے اپنے استعفے واپس لے لئے اور ناظم بشارت خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم ان ناظم بشارت خان کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :