وزیر اطلات سید ناصر حسین شاہ کا کراچی پریس کلب کادورہ،

نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد، گلدستے پیش کئے

جمعرات 8 فروری 2018 23:02

وزیر اطلات سید ناصر حسین شاہ کا کراچی پریس کلب کادورہ،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے جمعرات کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نومنتخب اراکین، عہدیداران، ممبران اور گورننگ باڈی سے ملاقات کی اور انہیں گلدستے پیش کئے۔ ان کے ہمراہ سیکریٹری اطلاعات عمران عطا سومرو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید احمد اعوان، ڈائریکٹر اطلاعات معیز الدین پیرزادہ بھی تھے۔

پریس کلب پہنچنے پر صدر پریس کلب احمد خان ملک اور سیکریٹری مقصود احمد یوسفی نے ان کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے حکومت سندھ، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد دی۔ سیکریٹری مقصود احمد یوسفی نے تمام اراکین ،عہدیداران ،گورننگ باڈی کے ممبران اور سینئر صحافیوں کاتعارف کراتے ہوئے پریس کلب کے صحت مندانہ اورجمہوری طریقے کار کے بارے میں آگاہی دی اور کہا کہ ہمیشہ سے پاکستان پیپلز پارٹی نے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی بقا مضبوطی اور اقدار کے لئے بھر پور تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اداروں اور جمہوری قدروں کی پاسداری کے لئے صحافیوں کی جدوجہد میں اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کیا ہے اور کرتی رہے گی، صحافت اور صحافتی اداروں سمیت ہر کسی کے مسائل و مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہمیشہ عملی اقدامات کئے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات عمران عظا سومرو نے بتایا کہ بہت جلد یہ معاملہ عملی شکل میں موجود ہوگا اور دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہوجائے گا۔

رہائشی اسکیموں اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر اطلاعات نے فوری طور پر وزیر بلدیات سے رابطہ کیا اور کہا کہ بہت جلد اس سلسلے میں مشترکہ اجلاس منعقد کرکے صحافیوں کے لئے رہائشی اسکیموں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ تمام اراکین وعہدیداران نے شکریہ ادا کیا اور حکومت سندھ وپاکستان پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے لئے فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ اس موقع پر سابق صدر علائوالدین خانزادہ، منیر الدین، قمر رضوی، عارف ہاشمی، ساجد عزیز، مظہر رضوی، ابوالحسن، حامد الرحمان، کفیل احمد، سید اطہر حسین، وقار بھٹی، نعیم سہوترا، سہیل گڈو اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :