وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بی آرٹی گرین لائن بس سے متعلق مسافروں کیلئے سینٹرل پوائنٹ نمائش پر انڈر پاس کے ڈیزائن کی منظوری دیدی

ڈیزائن کے تحت نمائش انڈر پاس پر مکمل میز نائن فلور ریٹیل ایریا کیلئے ہے جیسا کہ نمائش بی آر ٹی مسافروں کیلئے ایک سینٹرل مقام بننے جارہاہے ،صالح فاروقی

جمعرات 8 فروری 2018 22:13

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بی آرٹی گرین لائن بس سے متعلق مسافروں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بی آرٹی گرین لائن بس سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نمائش پر انڈر پاس کے ڈیزائن کی منظوری دیدی جو کہ مسافروں کے لیے سینٹرل پوائنٹ ہوگا۔اجلاس وزیر اعلی ہائوس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت ،پرنسپل سیکریٹری برائے گورنر اور گرین لائن پروجیکٹ کے پی ڈی صالح فاروقی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید اعوان، ڈائریکٹر گرین لائن زبیر چنا اور پروجیکٹ کے کنسلٹنٹ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

وزیر اعلی سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے صالح فاروقی نے کہا کہ ڈیزائن کے تحت نمائش انڈر پاس پر مکمل میز نائن فلور ریٹیل ایریا کے لیے ہے جیسا کہ نمائش بی آر ٹی مسافروں کے لیے ایک سینٹرل مقام بننے جارہاہے اور اس بات کی توقع ہے کہ یہ علاقہ بی آر ٹی پروجیکٹ کے لیے ایک نمایاں کردار ادا کرے گا اوراپنی آمدنی کے لیے خود کفیل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پروجیکٹ کی لانچنگ کے بعد فروخت کے لیے تیار کیا گیا یہ علاقہ یا شاپنگ ایریا کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ترقی دی جاسکتی ہے ۔

منصوبے کی تکمیل کی مدت اور بسوں کو شروع کرنا بہت زیادہ اہم ہے کیونکہ اس کے لیے کراچی کے لوگ انتظار کررہے ہیں اور انہوں نے نمائش پر انڈر گرائونڈ اسٹیشن کی منظوری دے دی۔وزیر اعلی سندھ نے صالح فاروقی کو ہدایت کی کہ وہ 15 فروری تک ٹینڈر طلب کریں تاکہ بر وقت کام کو تفویض کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس منصوبے پر اپریل میں کام شروع ہو لہذا اسی حساب سے چیزیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے پی ڈی گرین لائن کو ہدایت کی کہ وہ بی آر ٹی گرین لائن انفراسٹرکچر کی تکمیل کی تاریخ بتائیں تاکہ سندھ ماس ٹرانزٹ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی ای) اس کے مطابق نوٹس کی تیار ی کرسکے۔گرین لائن پروجیکٹ کے ڈائریکٹر زبیر چنا نے ایک اور مسئلہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ سرجانی ٹائون پر بس ڈیپو قائم کرنا تھا ۔وزیر اعلی سندھ نے سیکریٹری قانون افتخار شلوانی کو فوری طور پر زمین کے کاغذات میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایت کی تاکہ 3.5 ایکڑ زمین بس ڈیپو کے لیے تیا ر کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ 15 دن کے اندر لازمی ہوجانا چاہیے۔ وزیراعلی سندھ نے نمائش سے ٹاور بی آر ٹی سسٹم کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی، اس کا روٹ بھی اپ گریڈ ہوگا اور یہ تمام لائنز کے لیے یکساں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :