کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جا رہا ہے، گورنر سندھ

عالمی ایونٹس کا انعقاد ، غیر ملکی افرد کی شرکت امن و امان پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے، کراچی لٹریچر فیسٹیول کے شرکاء کے اعزازمیں استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 8 فروری 2018 22:13

کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جا رہا ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادروں کی بے مثال قربانیوں اور حکومت کی پالیسیوں کے باعث کراچی اپنی سابقہ رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے اور کراچی کے باسی دیگر بڑے شہروں کی طرح سیاسی ، سماجی ، ثقافتی، ادبی او ر دیگر سرگرمیوں سے بلاخوف خطر لطف اندوز ہور ہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی لٹریچر فیسٹیول کے شرکاہ کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کی سربراہ امینہ سید ، جاوید جبار ، ایڈریان میلر ، وکٹوریہ اسکوفیلڈ، فرانسس رابنسن اور دیگربھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی پورے ملک پر اثر انداز ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی امن و امان سے مشروط ہوتی ہے، 2013 میں جب حکومت نے کام شروع کیا تو اس کے سامنے دو بڑے چیلنج تھے جن میں ایک امن و امان اور دوسرا بجلی کا بحران تھا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوششوں کے باعث امن و امان 2013کے مقابلہ میں بہت بہتر ہے جبکہ بجلی بحران کا خاتمہ ہونے والا ہے اور اس سال کے دوران ہم اپنی ضروریات سے زائد بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا ثبوت یہاں ہونے والی عالمی سطح کی کانفرنسز اور دیگر تقاریب ہیں جن میں غیر ملکی بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں جو کہ ان کے امن و امان کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ عالمی میڈیا کانفرنس کے انعقاد کے بعد اگلے دو ماہ کے دوران انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور عالمی اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جن کا مقصد خصوصاً مغربی دنیا میں پاکستان کے بارے میں حقیقت کے برعکس پائے جانے والے تاثر کا ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی ضمن میں تمام پاکستانیوں کو کوشش کرنا ہو گی کہ وہ پاکستان میں صورتحال کی بہتری کے بارے میں جب اور جہاں ہو سکے بات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی ادیبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ان کا قیام خوشگوار رہے گا وہ یہاں کی اچھی یادیں لے کر جائیں گے اور اپنے ہم وطنوں کو ان سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کراچی کا ایک اہم ادبی ایونٹ بن چکا ہے اور تواتر سے اس کے انعقاد کے باعث خصوصاً نئی نسل میں کتاب پڑھنے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے اس ضمن میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان اور اس کی سربراہ امینہ سید کی کاوشوں کو سراہا ۔

اس موقع پر امینہ سید نے بتایا کہ کل سے 9واں کراچی لٹریچر فیسٹیول شروع ہو رہا ہے، گذشتہ سال اس فیسٹیول میں 2لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ انہوں گورنر ہائوس میں مدعو کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :