جسمانی طور پر معذوری کا شکار افراد ہمارے معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں،گورنر سندھ محمد زبیر

یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کے لئے بھرپور مدد فراہم کی جائے، امیگوز ویلفیئر ٹرسٹ برائے نابینا افراد کی جانب سے کمپیوٹر، بریل کتب، مالی امداد کے چیک اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعرات 8 فروری 2018 22:09

جسمانی طور پر معذوری کا شکار افراد ہمارے معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں،گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جسمانی طور پر معذوری کا شکار افراد ہمارے معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں اور یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کے لئے بھرپور مدد فراہم کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیگوز ویلفیئر ٹرسٹ برائے نابینا افراد کی جانب سے کمپیوٹر، بریل کتب، مالی امداد کے چیک اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ٹرسٹ کے صدر انور مسیح اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی کمی کا شکار افراد کی مدد اور ان کو روز مرہ زندگی گزارنے میں تعاون فراہم کرنے کیلئے معاشرے میں آگاہی بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے اس ضمن میں ٹرسٹ نمایاں کام کررہا ہے اور یہ دوسرے اداروں کے لئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹرسٹ کی آن لائن ڈیجیٹل لائبریری اور ویب سائٹ کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعہ انہیں درسی کتب کے ساتھ ساتھ دیگر تعلیمی مواد بھی سننے اور اسے ڈائون لوڈ کرنے کا موقع ملے گا اور اسے وہ اپنی معلومات کے لئے زیادہ بہتر طریقہ سے استعمال کرسکیں گے۔

گورنر سندھ نے ٹرسٹ کی جانب سے پرنٹنگ پریس اور کمپیوٹر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعہ بریل کتب کی چھپائی ممکن ہورہی ہے اور نابینا افراد کو کمپیوٹر کی تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت معذوروں کے 5فی صد کو ٹہ پر عملدرآمد کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاکہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت معذور افراد کو روزگار فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے معذور افراد خصوصاً بصارت سے محروم سے افراد کی فلاح و بہبود کی کاوشوں میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر سندھ نے مخیر افراد پر زور دیا کہ وہ جسمانی معذوروں اور دیگر مسائل میں مبتلا افراد کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر معاشرہ میں اپنی ذمے داریوں کو بھرپور طریقہ سے ادا کرسکیں۔ ٹرسٹ کے صدر انور مسیح نے گورنر سندھ کو نابینا افراد کے مسائل اور ٹرسٹ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے گورنر سندھ کو بتایاکہ جسٹس ھیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈووکیٹ کی کاوشوں سے بلدیاتی اداروں میں کام کرنے والے 9 نابینا افراد کو مستقل کرایا گیا ہے جبکہ 61 اعلیٰ تعلیم یافتہ نابینا افراد کو ملازمت کی فراہمی کے لئے عدالت عالیہ سے رجوع کیا گیا ہے۔ #

متعلقہ عنوان :