وزیراعلیٰ کی وفاقی اداروں کیساتھ ملکر عاصمہ رانی کے قاتل کی گرفتاری کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت

جمعرات 8 فروری 2018 22:01

وزیراعلیٰ کی وفاقی اداروں کیساتھ ملکر عاصمہ رانی کے قاتل کی گرفتاری ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوا م کی جان و مال کی حفاظت کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے اورحکومت اس ذمہ داری کو بطریق احسن نبھانے کیلئے تمام ترتوانائیاں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مردان کے واقعات کوپولیس نے جس محنت سے حل کیاانہی خطوط پر کوہاٹ کی عاصمہ رانی قتل میں ملو ث ملزم جلد ہی قانون کی گرفت میں ہوگا۔

حکومت اس سلسلے میں کسی مصلحت کو آڑے نہیں آنے دے گی۔یہ بات وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کی جانب سے امن و امان باالخصوص عاصمہ رانی قتل کیس کی پیش رفت کے بارے میں دی گئی ایک بریفنگ کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کومذکورہ کیس کے بارے میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وہ وفاقی اداروں کے باہمی اشتراک سے ملزم تک رسائی کیلئے دن رات کام کریں۔

حکومت ان کی پشت پر کھڑی ہے مظلوموں کی داد رسی حکومت کی اولین ذمہ داری اور پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس قسم کے واقعات کے تدارک کیلئے تمام مکاتب فکرسیاسی مفادات سے بالا تر ہو کرمشترکہ کاوشیں کریں کیونکہ ایسے واقعات کوسیاست کی نذرکرنے سے جرائم پیشہ افرادکی بیخ کنی کی کاوشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ وہ انہیںعاصمہ رانی قتل کیس کی لمحہ بہ لمحہ پیش رفت سے آگا ہ کریں تاکہ لواحقین کی داد رسی کی جائے اورانہیں جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں اورحکومت مجرم تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :