پنجاب پولیس کا انٹیلی جنس سسٹم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہے،

ورکنگ سٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کیلئے ترکی سمیت دوست ممالک کی پولیسنگ کی طرز پر آئی ٹی کے موثر استعمال سے نئے پراجیکٹ شروع کئے جارہے ہیں ، آئی جی پنجاب کی ترکی کے وفد سے گفتگو

جمعرات 8 فروری 2018 21:56

پنجاب پولیس کا انٹیلی جنس سسٹم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ترین ..
لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کا انٹیلی جنس سسٹم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہے جبکہ ورکنگ سٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کیلئے ترکی سمیت دوست ممالک کی پولیسنگ کی طرز پر آئی ٹی کے موثر استعمال سے نئے پراجیکٹ شروع کئے جارہے ہیں تاکہ جدید پولیسنگ کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر عوام کی جان و مال اور عزت آبرو کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترک پولیس ماہرین نے پنجاب پولیس کے ڈولفن فورس ، اینٹی رائٹس فورس کے دستوں کو بہترین تربیت فراہم کرکے اسے پیشہ ورانہ طو پر ایک مضبوط فورس بنایا ہے جو انتہائی قابل ستائش اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ ترکی کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ترکی وفد میں سائبر کرائم انویسٹی گیشن چیف ڈی آئی جی کریم التائپ، حاجی عثمان ، اور طالب کین شامل تھے ۔

ملاقات میں دونوں فورسز کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو بڑھانے اور انٹیلی جنس کے نظام کو مزید مربوط بنانے کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے ۔ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ ترکش وفد نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران سی ٹی ہیڈ کوارٹر ، سپیشل برانچ اور سیف سٹی پراجیکٹ آئی سی تھری کے افسران سے تفصیلی ملاقاتیں کرکے پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس سسٹم اور آئی ٹی پراجیکٹس کا بھرپور مطالعہ کیا ہے اور اب یہ ماہرین سسٹم میں مزید بہتری کے حوالے سے جلد اپنی تجاویزبھی پیش کریں گے ۔

آئی جی پنجاب نے ترکش ماہرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فورسز میں شامل ہے اور افسران اور اہلکار اپنے نظام کو مزید مربوط بنانے کیلئے نئی جدتوں کو اپنانے میں پوری لگن کے ساتھ ہر ممکن اقدامات میں مصروف رہتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکش ماہرین کا تجربہ پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس نظام کو مزید اپ گریڈ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور دونوںملکوں کی فورسز کے درمیان دوطرفہ تعاون کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔

ملاقات کے اختتام پر ترکی وفد کے سربراہ ڈی آئی جی کریم التائپ نے آئی جی پنجاب کو یادگاری سوینئیر دیا جبکہ آئی جی پنجا ب نے بھی ترکش وفد کے ممبران کو پنجاب پولیس کی جانب سے سووینئیرز دئیے۔