کراچی ، حیدرآباد اور میرپور خاص کے درمیان سندھ کے بھائیوں کے لیے مہران ایکسپریس چلانے کی تیاریاں مکمل ہیں، سعدرفیق

جمعرات 8 فروری 2018 20:07

کراچی ، حیدرآباد اور میرپور خاص کے درمیان سندھ کے بھائیوں کے لیے مہران ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2018ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کوہاٹ اور راولپنڈی کے درمیان کوہاٹ ایکسپریس کی خیبر پختونخواہ کے عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی اور کامیابی کے بعد کراچی ، حیدرآباد اور میرپور خاص کے درمیان سندھ کے بھائیوں کے لیے مہران ایکسپریس چلانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے یوسف والا ریلوے اسٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کرنے کے لیے کول سپلائی کے ذریعے پاکستان ریلوے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف والا ریلوے اسٹیشن کی تعمیر سے پاور پلانٹ میں کول سپلائی کے کام میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوہاٹ پنڈی سیکشن کی بحالی کے علاوہ سبی ہرنائی سیکشن کی بحالی کے لیے بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگریز کے دور کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان ریلوے کی ترقی ، بحالی اور جدت کے لیے دن رات کام ہورہاہے۔ انہوں نے یہ ہدایت کی کہ مہران ایکسپریس کی بحالی سے قبل اس روٹ پر میرپورخاص سمیت تمام ریلوے اسٹیشنوں کی حالت مزید بہتربنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مہران ایکسپریس کی بحالی ایک سنگ میل ہے۔انہوں نے اس موقع پر مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر واک تھرو گیٹس کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ مسافروں کو ریلوے اسٹیشنوں میں داخلے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو دستیاب سہولتوں میں بھی اضافے کی ہدایت جاری کیں ۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے محمدجاوید انور ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ خالد خورشید کنور سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔