جسٹس نواز مری قتل کیس،گزین مری کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور ، سماعت 16 تک کیلئے ملتوی

وکلاء کی ہڑتال اور عدم مو جو د گی کے باعث عبدالمجید خان اچکزئی کیخلاف کیس کی سماعت 5مارچ تک ملتوی

جمعرات 8 فروری 2018 16:09

جسٹس نواز مری قتل کیس،گزین مری کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 فروری2018ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ جناب راشد محمود نے نواب زادہ گزین مری کی جسٹس نواز مری قتل کیس میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کو 16فروری تک کیلئے ملتوی کردیا اس کے علا وہ وکلاء تنظیموں کی سانحہ 8اگست سے متعلق ہڑتال کے باعث احتساب عدالت کوئٹہ II کے جج جناب پذیراحمد بلوچ نے گندم خوردبر کے 2ریفرنسز میں نامزد سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ ودیگر اور ایڈہاک اینڈ سیشن جج کو ئٹہ جناب سعادت اللہ خان نے پشتونخوامیپ کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کے خلاف دائر مقدمہ قتل کی سما عتوں کے لئے نئی تاریخیں دیدی ۔

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ جناب راشد محمود کے روبرو جسٹس نواز مری قتل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نواب زادہ گزین مری کی جانب سے ان کے وکیل اورنگزیب ایڈووکیٹ نے اپنے موکل کی پیشی سے استثنیٰ کیلئے استدعا کی درخواست پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کے موکل ناسازی طبع کے باعث پیش نہیں ہوسکتے اس لئے اس سے پیشی سے استثنیٰ دی جائے جس سے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت16فروری تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج جناب پذیراحمد بلوچ کے روبرو گندم خوردبرد کے 2ریفرنسز کی سماعت ہوئی ریفرنس نمبر1/2015میں نامزد ملزمان سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ ،ولی کاکڑاور ملزم بحراست حسین آفریدی اور گواہ استغاثہ محمد اکرم عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم وکلاء کی ہڑتال کے باعث ریفرنس کی سماعت کو19فروری تک کیلئے ملتوی کردیاگیا اس کے علاوہ گندم خوردبر ریفرنس نمبر6/2016میں بھی سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ ،ولی کاکڑ ،ظاہر جان جمالدینی ،نعیم خان اور دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے بلکہ گواہ استغاثہ سپرنٹنڈنٹ محمد حنیف بھی عدالت کے روبرو موجود تھے لیکن وکلاء کی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت کو22فروری تک ملتوی کردیا گیا جمعرات کے روز مجید خان اچکزئی کے خلاف غفار نامی شخص کو قتل کرنے کے کیس کی سماعت بھی ایڈہاک اینڈ سیشن جج جناب سعادت اللہ خان کے روبرومقرر تھی جس کیلئے عبدالمجید خان اچکزئی عدالت کے روبروپیش ہوئے تاہم وکلاء کی ہڑتال اور عدم مو جو د گی کے باعث کیس کی سماعت کو 5مارچ کیلئے تک ملتوی کردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :