سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے، شاہد خاقان عباسی

پانچ سال قبل جی ڈی پی کی شرح نمو 3 فیصد سے کم تھی جو اب 5 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے، پاکستان میں نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے قومی شناختی ڈیٹا کو بروئے کار لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ، پیسے بنائے جا سکتے ہیں لیکن اخراجات کو چھپایا نہیں جاسکتا، انٹرویو

بدھ 7 فروری 2018 21:49

سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے، پانچ سال قبل جی ڈی پی کی شرح نمو 3 فیصد سے کم تھی جو اب 5 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے، پاکستان میں نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے قومی شناختی ڈیٹا کو بروئے کار لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، پیسے بنائے جا سکتے ہیں لیکن اخراجات کو چھپایا نہیں جاسکتا۔

ایک انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس کو وسعت دینے کیلئے کثیر جہتی حکمت عملی کے تحت کام کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے قومی شناختی ڈیٹا کو بروئے کار لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اس میں ٹیکس چوری روکنے، پراپرٹی کی درست ویلیوایشن کی حوصلہ افزائی، انفرادی ٹیکس کی شرح میں کمی اور ایمنسٹی پروگرام کو پیش کرنا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیسے بنائے جا سکتے ہیں لیکن اخراجات کو چھپایا نہیں جاسکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلٹی بلز، بیرونی سفرکی تفصیلات اور کریڈٹ کارڈ کے اخراجات سے تمام صورتحال سامنے آجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پروگرام کے تحت پاکستانیوں کو 10فیصد کی بجائے 3 فیصد فیس کی ادائیگی سے اپنی دولت ظاہر کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے علاوہ حکومت ٹیکسوں سے بچنے کیلئے پراپرٹی کے شعبہ میں ہونیوالی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کیلئے پراپرٹی کی ویلیو ایشن کے نظام کو بہتر بنائیگی۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 3 فیصد سے کم تھی جو اب حکومتی اقدامات کی بدولت 5 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ہم 6 فیصد سے زائد کی شرح نمو حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :