مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے رہنمائوں کا کراچی پریس کلب کا دورہ،نومنتخب عہدیداروں کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک بادپیش کی

مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ان کے حل کے لیے ہم نے پہلے بھی اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے، خواجہ طارق نذیر

بدھ 7 فروری 2018 20:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر کی سربراہی میں وفد نے بدھ کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔وفد میں ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سہیل ندیم،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری خواجہ نیئرشریف،عدنان خواجہ اور خیرمحمدبلیدی شامل تھے ۔

کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک اور جنرل سیکرٹری مقصود یوسفی نے مسلم لیگی رہنماؤں کو کلب کے اغراض و مقاصد اور اس کے تاریخ پس منظر سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ کراچی پریس کلب تابناک ماضی رکھتا ہے ۔دور آمریت میں کراچی پریس کلب نے جمہوریت پسندوں کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے سیاستدانوں کے ساتھ صحافیوں نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔

جمہوریت کی بحالی کے لیے جتنی بھی تحریکیں چلیں کراچی پریس کلب ان کے ساتھ رہا ۔انہوںنے کہا کہ صحافی برادری نے ہر دور میں حق و سچ کا علم بلند کیا ہے ۔عوامی مسائل کی نشاندہی صحافیوں نے بھرپور انداز میں کی ہے ۔پاکستانی صحافیوں کے لیے حالات اتنے آسان نہیں ہیں ۔ان مشکل حالات میں جس جذبے اور لگن کے ساتھ صحافی برادری اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ان کے حل کے لیے ہم نے پہلے بھی اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش صحت ،رہائش اور ان کے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے وفاقی حکومت جلد ایک جامع پالیسی مرتب کرے گی جس کے ثمرات ملک بھر کے صحافیوں کو ملیں گے ۔

متعلقہ عنوان :