جامعہ کراچی، مختلف شعبہ جات کے 37 طلباوطالبات کے مابین مقابلہ منظر نگاری کا انعقاد

بدھ 7 فروری 2018 19:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے درمیان گذشتہ روزکلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں مقابلہ منظر نگاری کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے 37 طلباو طالبات نے شرکت کی ۔اس موقع پر مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ پاکستانی قوم کے ساتھ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے بھرپور حامی ہیں۔

بھارتی فوج نے 1947 ء سے اب تک کشمیری معصوم عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا ہواہے۔کشمیری مسلے کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ہم آج کی تقریب میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کابچہ بچہ ان کی آزادی کی خواہش رکھتاہے جو جلد کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔

مقابلے میں جن موضوعات پر مقابلہ ہواان میں لہوہمارابھلانہ دینا،باقی ہے ابھی رنگ میرے خون جگر میں،اگر جنگ لازمی ہے تو پھر جنگ ہی سہی،خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا اور ظلم رہے اور امن بھی ہو،کیا ممکن ہے تم ہی کہوشامل ہیں۔ نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن شعبہ کمپیوٹرسائنس کے جنید ممتاز ،دوسری پوزیشن شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کے کشاف اقبال جبکہ تیسری پوزیشن شعبہ بائیوٹیکنالوجی کی طالبہ شفق ناصر جمال نے حاصل کی۔مقابلہ جیتنے والے طلبہ کو سرٹیفیکٹ اور ٹرافیاں دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :